شیخوپورہ، کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) حکومتی ترجمانوں نے مریم نواز کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ قوم جان چکی ہے کہ کون غدار ہے کون محبت وطن ہے،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آج مریم نواز کی تقریر سے یہ ثابت ہوگیا کہ جاوید لطیف نے بیان کس کے اشارے پر دیا، یہ لوگ ان سارے معاملات کی سرپرستی کر رہے ہیں، ایک طرف اس طرح کی گفتگو کی جاتی ہے دوسری طرف یہ توقع رکھتے ہیں کہ ان پر کوئی کیس بھی نہ بنے، عالمی فورم پر کشمیر کا نام تک نہ لینے والے آج کس منہ سے کشمیر کی بات کرتے ہیں، جبکہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہناہے کہ ملک لوٹنے والا اور اربوں کھربوں کی دولت بیرون ملک لیکر فرار ہونے والا ظل سبحانی غداری کا بہترین حقدار ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم نے شیخوپورہ جا کر ثابت کردیا کہ جاوید لطیف نے اداروں کے خلاف بیان ان کی آشیرباد پر دیا تھا، کوئی بھی پاکستانی جو پاکستان میں پیدا ہوا ہو اور پاکستان نے اسے عزت دی ہو وہ کیسے پاکستان نہیں کھپے کہہ سکتا ہے، اداروں کے خلاف باتیں ہونگی تو قانون اپناخود راستہ بنا لیتا ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ آج ایسا سماں بنانے کی کوشش کی گئی جیسے کوئی ورلڈ کپ جیت کر آیا ہو، پاکستان کے ہر ذی شعور نے جاوید لطیف کے بیان کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف خود لندن میں بیٹھ کر الطاف حسین ٹو کا کردار اد کررہے ہیں، نواز شریف کو عدالت نے علاج کے لئے باہر جانے دیا، ابھی تک ایک انجکشن نہیں لگوایا، ڈاکٹر عدنان آگئے لیکن نواز شریف نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی پوری ہی بھگوڑا ہے، یہ کیسی قیادت ہے عدالتوں کا سامنا نہیں کر پا رہی۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے لوگ کبھی اس دھرتی پر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے گھر بھی گئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کل کی بجائے آج پاکستان آنا چاہئے، انھیں عدالتیں بلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی 100 لوگوں کے ساتھ بغیر ویزہ ان کے دور حکومت میں آئے لیکن شریف برادران نے کشمیر کے لئے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ نوازشیف نے مودی کے حلف میں جا کر حریت رہنمائوں سے ملنے کے بجائے بھارتی اداکاروں اور جندال سے ملنا پسند کرتے تھے انکے ادوار میں مودی ان کے گھر شادی میں آتے تھے اور کشمیر پر کوئی بات نہیں ہوتی تھی، شوفہ ڈکلیئریشن میں کشمیر کا نام انہوں نے نکلوادیا تھایہ آج کس منہ سے کشمیر کی بات کرتے ہیں۔ دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلی راجکماری کو قوم جان چکی ہے کون غدار ہے اور کون محب وطن 30 برس سے زیادہ برسراقتدار رہنے والا مافیا کا سردار ,ملک لوٹنے والا اور اربوں کھربوں کی دولت بیرون ملک لیکر فرار ہونے والا ظل سبحانی غداری کا بہترین حقدار ہے بغیر ویزہ مودی کو گھر بلانے والے اور خفیہ ملاقاتیں کرنے والے غدار کو قوم بخوبی جانتی اور سمجھتی ہے۔اجیت دوول کیساتھ کاروبار کے نام پر پینگیں بڑھانے والے اور ملکی راز سے کھلواڑ کرنے والے غدار کو قوم کیسے بھول سکتی ہے۔اپنی ملوں میں بھارتیوں کو ملازمت پر رکھنے والے غدار کا قوم آج بھی محاسبہ کر رہی ہے۔ ڈان لیکس کے ماسٹر مائنڈ غدار کی ملک دشمن سرگرمیاں کس سے ڈھکی چھپی ہیںجاوید لطیف جیسے بچونگڑے وہی زبان بول رہے ہیں جو ایک بڑے غدار نے انکو برسوں کی ملک دشمنی میں سکھایا۔تیس برسوں تک حکمران رہنے کے باوجود کشمیر اور کشمیریوں کو پس پشت ڈالنے والے غدار کو قوم بخوبی جانتی ہے۔قوم جانتی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن چکے ہیں ,نواز شریف کے یار بھارت سے تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔ قوم جانتی ہے کہ کس ملک دشمن غدار نے عدلیہ سمیت اداروں کو لولا لنگڑا کیا، عمران خان ملک میں عدل و انصاف کا بول بالا کر رہے ہیں۔مافیا چاہتا ہے یہ ملک لوٹتا رہے، ملکی اداروں کو کھوکھلا کرتے رہے,ریاست اور اداروں پر دشنام طرازی کرتا رہے اور کوئی ان سے پوچھنے والا نہ ہو۔این آر او کی جب امیدیں دم توڑتی ہیں جعلی راجکماری بغض باطن کا مظاہرہ کرنے باہر نکل آتی ہے۔یہ جتنی مرضی پھڑ پھڑا اور بغض باطن کا مظاہرہ کرلیں انکو کسی صورت این آر او نہیں ملنا۔پاکستان میں قانون کا یکساں اطلاق ہوگا ,اب جعلی راجکماری اور ظل سبحانی کی من مرضیاں نہیں چلیں گی۔عمران خان ایماندار اور وطن کی محبت سے سرشار ہے، جس نے ملک کو لوٹ کر بیرون ملک اثاثے نہیں بنائے۔ عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کیساتھ ہے ,وہ ملک کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کر رہا ہے۔ایک بھگوڑا غدار لندن میں بیٹھ کر ملک اور اداروں کیخلاف بغض باطن کا مظاہرہ کر رہا ہے۔قوم غداروں کو پہلے بھی آئینہ دکھا چکی ہے آئندہ بھی دکھاتی رہے گی۔جعلی راجکماری کا ملک دشمنی پر مبنی چہرہ اور بیانیہ قوم دیکھ رہی ہے۔جاوید لطیف جیسے ملک دشمن عناصر محسن کش ہیں۔جس ملک نے سب کچھ دیا اسکے خلاف ہی بغض باطن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔مودی کے یاروں کی حقیقت کھل کر آج سامنے آگئی ہے۔