• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بڑا بریک ڈاؤن، 11 گھنٹے بعد بجلی بحال

کراچی (اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز)کراچی میں بڑا بریک ڈائون،بجلی مکمل بحال ہونے میں 11گھنٹے لگ گئے،12 بجے جانےوالی بجلی 3بجے بحال ہوناشروع، گارڈن ، لیاقت آباد اور فیڈرل بی ایریا کے کچھ علاقوں کو رات 11بجے سپلائی ملی۔

کے الیکٹرک کاکہناہےکہ شہر کو بجلی فراہم کرنیوالی این کے آئی بلدیہ 1اور 2 ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ سے فراہمی متاثر ہوئی، ترسیلی نظام فعال رہا۔ کے الیکٹرک عملے نے لیاری سمیت کئی علاقوں کو رات گئے تک بجلی سے محروم رکھا ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو دوپہر ڈیڑھ بجے شہر کے بیشتر حصے میں اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے ضلع وسطی ، غربی اور ملیر کے علاقے زیادہ متاثر ہوئے، شدید گرم موسم میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہری بلبلا اٹھےاور انہیں روز مرہ امور کی انجام دہی میں سخت مشکلات کا سامنا رہا، تاہم سہ پہر 3بجے کے بعد سے مختلف علاقوں میں بتدریج بجلی کی فراہمی بحال ہوئی۔

اس ضمن میں شہریوں کا کہنا تھا کہ کراچی میں ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی دی جارہی ہے اور یہاں کےمکینوں کی اکثریت باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتی ہے، اس کے باوجود اس طرح سخت گرمی میں انہیں پریشان کرنا کیا معنی رکھتا ہے؟

دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی این کے آئی بلدیہ 1اور 2 ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جب کہ کےالیکٹرک کا ترسیلی نظام فعال رہا اور بجلی کی بحالی کا عمل تیزی سے کیا گیا، تمام گرڈ اسٹرٹیجک علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد سے جلد بحال کی گئی۔

اس دوران بن قاسم 1 سے دھوئیں کی اطلاع بھی ملی، جس کی فوری تحقیق کا حکم دیا گیا،ادارے کاکہناتھاکہ کراچی میں بجلی کی متاثرہ ٹرانسمیشن لائنز بحال کر دی گئیں، کےالیکٹرک کو 500 میگاواٹ سپلائی جاری ہے۔ 

این ٹی ڈی سی ترجمان کے مطابق این ٹی ڈی سی نے کے الیکٹرک سے کلیئرنس ملنے کے بعد بجلی کی سپلائی بحال کردی۔ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرنے سے 900 میگاواٹ بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔

دریں اثناء کے الیکٹرک کے دعوئو ں کے باجود فیڈرل بی ایریا ،لیاقت آباد کے بعض بلاکس سمیت شہرکے کچھ علاقوں میں رات دیر تک بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوسکی جبکہ گارڈن ویسٹ کے علاقوں ، عثمان آباد ، غازی نگر ، بادشاہی روڈ میں دوپہر 12بجے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی اور رات 11بجے بحال ہوئی۔

تازہ ترین