• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین اور پاکستان کے سب گروپ کی مختلف موضوعات پر بات چیت

یورپی یونین اور پاکستان کے سب گروپ برائے جمہوریت، گورننس، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے اجلاس کے دوران دونوں فریقین نے مذکورہ موضوعات پر گفتگو کی ہے۔

یورپی خارجہ امور کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یکم جون کو منعقد ہونے والے اس آن لائن اجلاس میں یورپین یونین کی نمائندگی یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی نائب منیجنگ ڈائریکٹر برائے ایشیا اور پیسیفک پائولا پامپونی اور اسلامیہ جمہوریہ پاکستان کی نمائندگی وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکٹری نبیل منیر نے کی۔

یہ اجلاس یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان ان باقاعدہ سالانہ ملاقاتوں کا ایک حصہ تھا جو دونوں کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کے سلسلے میں منعقد ہوتی ہیں۔

اجلاس کے دوران، شرکاء نے بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق میں تعاون، انسانی حقوق سے متعلق پاکستان کا نیشنل ایکشن پلان، صنفی مساوات، خواتین اور بچوں کے حقوق، میڈیا میں اظہار رائے کی آزادی، سول سوسائٹی سے متعلق معاملات، مذہب کی آزادی یا مذہب سے وابستہ افراد و اقلیتوں کے حقوق پر تبادلہ خیال کیا۔

پریس ریلیز کے مطابق یہ گفتگو یورپ کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی تجارتی رعایتوں یعنی جی ایس پی پلس کے تناظر میں 27 بین الاقوامی کنونشنز پر عملدرآمد کے جائزے کا حصہ تھی۔

اس اجلاس میں یورپین یونین اور پاکستان نے قانون کی حکمرانی اور انصاف تک رسائی سے متعلق امور پر بھی توجہ دی جس میں سزائے موت کا سبب بننے والے جرائم کے جائزے کے ساتھ قانونی اور ادارہ جاتی پیش رفت بھی شامل ہے۔

اس موقع پر پاکستان نے مزدور حقوق سے متعلق اپ ڈیٹ فراہم کی جس میں چائلڈ لیبر سروے بھی شامل ہے جبکہ یورپ نے انسانی حقوق کے یورپین پروگرام کے نفاذ سے متعلق اپنا جائزہ پیش کیا۔

تازہ ترین