• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، کنگز کی راجدھانی پر سلطانز کا کامیاب حملہ، بابر اعظم کی بڑی اننگز رائیگاں

ابوظبی(جنگ نیوز)پاکستان سپر لیگ میں بابر اعظم ناقابل شکست85رنز بنانے اور بیٹ کیری کے باوجود اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں ناکام رہے۔سلطانز نے جمعرات کو کنگز کی راجدھانی پرکامیاب حملہ کیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کی ٹیم کو نائب کپتان محمد رضوان کی ٹیم کے ہاتھوں 12رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بابر اعظم نے سست روی سے بیٹنگ کی اور ان پر تھکاوٹ کے آثار بھی نمایاں تھے جس کی وجہ سے وہ میچ فنش نہ کرسکے۔ صہیب مقصود نے آسان کیچ ڈراپ کرکے والٹن کو موقع دیا لیکن وہ بھی دفاعی چیمپئن کو ہار سے نہ بچاسکے۔ ملتان سلطانز کے رائیلی روسو کو 24 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کی شب شیخ زاید اسٹیڈیم میں 178 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز ہی بنا سکی۔ بابر اعظم کی جانب سے ناقابل شکست 85 رنز کی بھرپور مزاحمت بھی کراچی کنگز کو میچ میں فتح نہ دلاسکی۔ انہوں نے 63 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکے اور 4 چھکے مارے لیکن بڑے اسکور کے لئے یہ کارکردگی ناکافی تھی۔ کراچی کنگز نے مجموعی طور پر سست بیٹنگ کی، جس کی وجہ سے انہیں میچ کے آخری اوور میں جیت کے لیے 23 رنز درکار تھے مگر وہ صرف 10 رنز ہی بناسکے۔ چیڈوک والٹن نے 35 اور قاسم اکرم نے 10 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے عمران خان نے 28 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے تھسارا پریرا اور کپتان عماد وسیم کو پہلی گیند پر صفر پر آئوٹ کیا ایک موقع پر وہ ہیٹ ٹرک پر تھے۔ لیگ اسپنرعمران طاہر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ رائیلی روسو 24 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ صہیب مقصود نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 14 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کراچی کنگز کے تھسارا پریرا نے دو جبکہ وقاص مقصود اور کپتان عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا 17واں میچ جمعے کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائیگا۔

تازہ ترین