• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تُرکش ڈراموں نے ہماری انڈسٹری کو بہتر کردیا ہے: سمیع خان

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار سمیع خان نے ترکش ڈراموں کو پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیے بہترین قرار دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں سمیع خان نے اپنے بھائی تیفور خان کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جہاں اُن سے تُرک ڈراموں کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے۔

میزبان نے دورانِ شو اداکار سمیع خان سے سوال کیا کہ  ’کیا آپ پاکستان میں تُرک ڈراموں کی نشریات کے خلاف ہیں؟‘

سمیع خان نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ہاں! اگر ان ڈراموں کو درست طریقے سے امپورٹ نہیں کیا جائے تو میں ضرور اُن کی نشریات کے خلاف ہوں گا۔‘

اداکار نے کہا کہ ’جب ہم باہر سے کوئی گاڑی وغیرہ درآمد کرتے ہیں تو اس بات کا ضرور خیا ل رکھتے ہیں، اس کی درآمد سے مقامی انڈسٹری کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے، اسی طرح غیر ملکی ڈراموں سے ہماری انڈسٹری کو بھی نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر غیر ملکی ڈرامے معیاری ہیں تو اُنہیں لازمی پاکستان میں نشر کیا جائے، اس سے ہماری انڈسٹری کو فائدہ ہوگا۔‘

سمیع خان نے کہا کہ ’غیر ملکی ڈراموں سے ہمیشہ ہماری انڈسٹری کو فائدہ ہوا ہے اور تُرک ڈراموں سے بھی ہماری ڈرامہ انڈسٹری بہت بہتر ہوئی ہے لہٰذا ہمیں ان کی نشریات جاری رکھنی چاہیے۔‘

اداکار نے مزید کہا کہ ’اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز بہترین ڈرامہ ہے۔‘

واضح رہے کہ عمران خان کی ہدایت پر معروف تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو سرکاری ٹی وی پر قومی زبان میں ڈب کر کے نشر کیا جارہا ہے جسے پاکستان میں خوب پزیرائی بھی مل رہی ہے۔

تازہ ترین