35برس بعد ایک ساتھ ٹی وی اسکرین پر ساتھ آنے والی پی ٹی وی کی معروف بہنوں کی جوڑی شہناز شیخ اور مرینہ خان کے بھارت میں بھی مداحوں کی کمی نہیں۔
سوشل میڈیا پر اچانک سے زیرگردش مرینہ اور شہناز شیخ کی تصویریں جب بھارتی صحافی اور مصنفہ برکھا دت تک پہنچی تو وہ بھی اس باکمال جوڑی کی تعریف کرنے سے خود کو نہ روک پائیں۔
انہوں نے ٹوئٹر پر ماضی کا اور حالیہ فوٹو کولاج شیئر کرتے ہوئے پاکستانی ڈراموں ’تنہائیاں‘ اور ’دھوپ کنارے‘ کی کھل کر تعریف کی۔
برکھا دت نے لکھا کہ دھوپ کنارے میرے بچپن کی ایک سنہری یاد ہے، ڈاکٹر احمر میرے بچپن کا پہلا کَرش ہیں۔
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’دھوپ کنارے کو کوئی کیسے بھول سکتا ہے، اس وقت ہر لڑکی کا واحد کَرش ڈاکٹر احمر ہوتے تھے، اور وہ اسی امید پر رہتی تھی کہ کوئی ڈاکٹر احمر کی طرح اس کیلئے بھی فیض کی نظم کے اشعار ’جیسے ویرانے میں چُپکے سے بہار آجائے‘ پڑھے۔‘
واضح رہے کہ ماضی کے مقبول ترین ڈرامے تنہائیاں میں ’زویا‘ اور ’سنیا‘ کا لازوال کردار ادا کرنے والی شہناز شیخ اور مرینہ خان جلد پی ٹی وی کے ایک شو میں 35 برس بعد ساتھ شرکت کریں گی۔
یہ مقبول جوڑی عاصم یار تیوانہ کے پی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے ٹاک شو ’اسٹار این اسٹائل‘ میں ساتھ نظر آئیں گی۔