کمرشل ریئل اسٹیٹ انڈسٹری پر کووِڈ-19نے انتہائی منفی اثرات مرتب کیے۔ لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر عمل درآمد کے باعث کئی کاروباروں کو بند ہونا پڑا، جب کہ کچھ لوگ گھر سے بیٹھ کر آن لائن کاروبار کی طرف راغب ہوئے۔ وبائی مرض کے باعث پیدا ہونے والی غیریقینی صورتِ حال کے باعث لوگوں نے نئے کاروبار کھولنے کے منصوبے ملتوی کردیے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ کمرشل ریئل اسٹیٹ خریدنے یا کرایہ پر حاصل کرنے والے تمام ممکنہ افراد سائیڈ لائن ہی رہے۔ تاہم، یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ کسی بھی بحران کا ریئل اسٹیٹ پر اثر مستقل نہیں رہتا۔
دنیا جس طرح کووِڈ ویکسینیشن پر پیشرفت دِکھارہی ہے، لوگ اب معمول کے مطابق اپنے دفاتر کو جانا شروع ہورہے ہیں اور کاروبار کھلنے لگے ہیں۔ اس وجہ سے کمرشل ریئل اسٹیٹ کی طلب بھی بڑھنے لگی ہے۔ جب کسی چیز کی طلب بڑھتی ہے تو وہاں اختراع (اِنوویشن) کے نئے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ ریئل اسٹیٹ صنعت کے عالمی ماہرین، عالمی وَبا کے کمرشل ریئل اسٹیٹ پر اثرات کو کس طرح دیکھتے ہیں، آئیے جانتے ہیں:
ملٹی فنکشنل اسپیس کی بڑھتی طلب
حقیقت تو یہ ہے کہ ورک فرام ہوم (WFH)کا رجحان پہلے ہی بڑھ رہا تھا، جس میں کورونا وَبا نے محض اضافہ کیا ہے۔ کئی کمپنیاں اب اپنے ملازمین کو گھر سے کام جاری رکھنے کے سلسلے میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ لچک کا مظاہرہ کررہی ہیں، جس کے بعد ریئل اسٹیٹ ڈیویلپرز کے لیے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ کمرشل ریئل اسٹیٹ کے انٹیریئر کو اس طرح ڈیزائن کریں کہ اس میں جمالیات کا رنگ نمایاں طور پر نظر آنے کے ساتھ ساتھ وہ کام کے لیے بھی لچکدار ماحول بھی فراہم کرے۔ جدید دور کی کمرشل ریئل اسٹیٹ، ایڈوانسڈ ڈیجیٹل صلاحیتوںسے بھرپور، پرائیویسی مہیا کرنے اور تفریح کے مواقع کو اپنانے کے لیے لچکدار ہونی چاہیے۔
پائیدار عمارتیں
کاربن ڈائی آکسائیڈ کے سالانہ اخراج میں 40فی صد حصہ عمارتوں کی تعمیر اور ان کے استعمال سے آتا ہے، ایسے میں ضروری ہے کہ ریئل اسٹیٹ ڈیویلپرز توانائی کی بچت کرنے والے ڈیزائن اور پائیدار مٹیریل میں زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ مستقبل قریب میں مغرب ممالک میں ایسی عمارتیں ناقابلِ استعمال قرار دے دی جائیں گی جو پائیدار اصولوں کے منافی ہوں گی۔
کمرشل اور ریزیڈنشل کا فرق کم رہ جائے گا
مستقبل قریب میں لوگ کام کے لیے روزانہ دور دراز علاقوں کی طرف سفر کرنا ختم کرسکتے ہیں، ایسے میں ماہرین کا اندازہ ہے کہ مستقبل میں ایسی کمرشل ریئل اسٹیٹ زیادہ تعمیر ہوں گی، جہاں ایک ہی عمارت میں رہائش، دفتر اور بچوں کی تفریح کے مواقع میسر ہوں۔ لوگ اب بہتر معیارِ زندگی اور اپنے لیے زیادہ وقت چاہتے ہیں۔ کام، کھیل اور تفریح کے مقامات اگر گھر کے قریب ہوں تو ناصرف زندگی آسان ہوجاتی ہے بلکہ پیسوں کی بھی بچت ہوتی ہے۔
دفاتر، اپارٹمنٹس میں بدل سکتے ہیں
کئی ماہرین سمجھتے ہیں کہ عالمی وِبائی مرض کے بعد گھر سے کام کرنے کے رجحان میں اضافہ آنے والے وقتوں میں بھی جاری رہے گا، جس کے بعد کئی دفاتر خالی ہوجائیں گے۔ اس کے بعد کئی دفاتر، کونڈوز میں تبدیل کردیے جائیں گے۔
مصنوعی ذہانت کا استعمال
مصنوعاتی ذہانت کا بڑھتا استعمال پراپرٹی اور کارپوریٹ، دونوں سطح پر اخراجات میں کمی لانے کا باعث بنے گا۔ بہت سارے سپورٹ ڈیپارٹمنٹس اور افراد کا کام ختم ہوکر رہ جائے گا۔ تقریباً ہر چیز خودکار نظام پر منتقل ہوجائے گی، جیسا کہ ہم مالیاتی شعبہ میں پہلے ہی دیکھ سکتے ہیں۔
ہاؤسنگ ڈیویلپمنٹ کو ری- ڈیزائن کرنا
کووِڈ-19اور ورک فرام ہوم کے رجحانات کے باعث سنگل فیملی رینٹل اور ملٹی فیملی ہاؤسنگ کے ڈیزائن میں بڑے پیمانے پر اختراع کی ضرورت ہے، جس پر ریئل اسٹیٹ ڈیویلپرز کو ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا چاہیے۔ وہ افراد جو ہفتہ میں صرف ایک دن بھی گھر سے کام کرنا شروع کریں گے، وہ اپنے گھر کے ڈیزائن کو مختلف نقطہ نظر سے دیکھنا شروع کردیں گے۔ گھر میں گزارا جانے والا وقت بیڈ روم اور ڈائننگ ایریا کے بجائے ہوم آفس کے طورپر زیادہ خرچ ہونے لگے گا۔ ایسے میں گھر کا لے آؤٹ بدلنا ناگزیر ہوجائے گا۔
ٹیکنالوجی سلوشنز کی طلب بڑھ جائے گی
ریئل اسٹیٹ کا شعبہ ’لیگل ٹیک‘ کے معاملے میں ایک طویل عرصہ سے اختراع کا متقاضی نظر آتا ہے۔ ریئل اسٹیٹ میں کاروباری لین دین کا حجم بڑھ گیا ہے، جس کے بعد ضروری ہے کہ ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ’کیس مینجمنٹ‘ کو خودکار نظام پر لایا جائے، اس ٹیکنالوجی کی ضرورت ان ملکوں کو غالباً زیادہ ہے، جہاں Foreclosureکے قوانین پہلے ہی لاگو ہیں۔
ریئل اسٹیٹ کے اعدادوشمار
ٹیکنالوجی کی آمد کے ساتھ ریئل اسٹیٹ شعبہ کے اعدادوشمار میں مزید شفافیت آئے گی۔ ریئل اسٹیٹ پروفیشنلز کو اس شعبہ کے اعدادوشماراور معلومات کو ذہانت کے ساتھ اپنے تجربہ اور تعلقات کے حق میں استعمال کرنا ہوگا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ریئل اسٹیٹ پروفیشنلز کو اپنے کاروبار میں تعلقات کو فروغ دینے پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
صارف مرتکز ٹیکنالوجی کا فروغ
اگر ریئل اسٹیٹ اونرز اپنی کمرشل/ریزیڈنشل عمارتوں میں صارفین کو بہتر اور خوشگوار تجربہ فراہم کرنا چاہتے ہیں تو انھیں ابھرتی ہوئی صارف مرتکز ٹیکنالوجی کے رجحان کو جلد از جلد اپنانا ہوگا۔ چاہے گھر ہو یا دفتر، اسے استعمال کرنے والا وہی صارف ہے، جو اپنے پیسے اور وقت کے بدلے میں دونوں جگہ سے کچھ خاص توقعات رکھتا ہے۔