جاپان میں ایک گالف ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ اس وقت منسوخ کر دیا گیا جب کورس پر ایک ریچھ کو دیکھا گیا، یہ 2 ماہ کے اندر اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے سینڈائی کلاسک گالف کلب میں فرسٹ ٹی (کھیل شروع کرنے کی جگہ) کے قریب ریچھ آگیا، جس کی وجہ سے طے شدہ مقابلے کو منسوخ کرنا پڑا۔
اس حوالے سے منتظمین نے ٹورنامنٹ کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ بدھ کے روز کورس پر ایک ریچھ دیکھے جانے کی اطلاع ملی اور شرکاء، کھلاڑیوں اور عملے کی حفاظت کے پیشِ نظر پرو-ایم ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا گیا۔
بعد میں منتظمین نے فیصلہ کیا کہ میجی یاسودا لیڈیز ٹورنامنٹ جمعے کو منصوبے کے مطابق تاہم تماشائیوں کے بغیر جاری رہے گا۔
اس سے قبل مئی میں کوماتسو، اشیکاوا پریفیکچر کے گالف کلب ٹوئن فیلڈز میں ریچھ دیکھے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے باعث خواتین کے دوسرے درجے کے اسٹیپ اپ ٹور کے ٹوئن فیلڈ لیڈیز ٹورنامنٹ کا آخری راؤنڈ منسوخ کرنا پڑا تھا۔