• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی جگہ اورعمارتوں کی تعریف ان کی اونچائی یا لمبائی سے نہیں کی جاسکتی بلکہ ان کی تعریف ان کی بناوٹی خوبصورتی اورپُرکشش منظر سے کی جاسکتی ہے ۔زیرِ نظر مضمون میں پیش کی جانے والی عمارتیں دنیا میں قائم ان فلک بوس عمارتوں میں سے ہیں، جن کا شمار دنیا کی خوبصورت ترین عمارتوں میں کیا جاتا ہے۔

برج العرب

برج العرب متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی ریاست دبئی کا ایک پرتعیش ہوٹل ہے، جسے دنیا کا پہلا سیون اسٹار ہوٹل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ برج العرب دنیا کا تیسرا بلند ترین ہوٹل ہے۔ یہ دبئی کے ساحل جمیرہ سے 280میٹر دور ایک مصنوعی جزیرے پر قائم ہے اور ایک پل کے ذریعے دبئی سے جڑا ہوا ہے ۔

آیاصوفیہ

آیاصوفیہ ترکی کے شہر استنبول میں واقع ہے اور بلا شک و شبہ اس کا دنیا کی تاریخ کی عظیم ترین عمارتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ڈیڑھ ہزار سال پہلے آیاصوفیہ کو ایک گرجا گھر کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا، جسے 1453ء میں قسطنطنیہ کی فتح کے بعد عثمانی ترکوں نے مسجد میں تبدیل کردیا تھا۔ 1935ء میں کمال اتاترک نے اس کی گرجے و مسجد کی حیثیت ختم کرکے عجائب گھر بنادیا تھا۔ گزشتہ سال صدر اردوغان نے اسے ایک بار پھر مسجد میں تبدیل کرنے کے صدارتی احکامات جاری کیے۔

ایفل ٹاور

ایفل ٹاور لوہے سے بنے ایک مینار کا نام ہے، جو فرانس کے شہر پیرس میں دریائے سین کے کنارے واقع ہے۔ ثقافتی طرز کی یہ عمارت 1889ء میں تعمیر کی گئی، جسے انقلاب فرانس کی 100 سالہ تقاریب کے موقع پر ہونے والی نمائش کے دروازے کے طور پر بنایا گیا تھا۔ پیرس کا یہ سب سے اونچا ٹاور دنیا میں سب سے زیادہ پہچانی جانے والی یادگار ہے۔

تاج محل

مغلیہ دور کی شاہکار عمارت تاج محل کو مغل بادشاہ، شاہ جہاں نے پندرھویں صدی کے نصف میں تعمیر کروایا تھا۔تاج محل ایک منفرد انداز کا سفید ماربل سے بنا مقبرہ ہے، جو ترک اور فارس اندازِ تعمیر کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ جگہ محبت کی علامت سمجھی جاتی ہے اور دنیا کی خوبصورت ترین عمارتوں میں سے ایک ہے ۔

سڈنی اوپیرا ہاؤس

سڈنی اوپیرا ہاؤس نیو ساؤتھ ویلز، آسٹریلیا میں سڈنی ہاربر برج کے نزدیک ایک کثیر مقامی فنونی کارکردگی کے مظاہرے کا مرکز ہے۔ یہ جگہ 1973ء میں تعمیر کی گئی، جو کہ 20ویں صدی کی امتیازی عمارت ہے۔2007ء میں یونیسکو نے اس جگہ کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا تھا۔ یہ عمارت ثقافتی فنِ تعمیر اور جدید طرز کا شاہکار ہے، جس کی وجہ سے اس جگہ کا دنیا بھر کی خوبصورت جگہوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔

کرائسلر بلڈنگ

نیویارک میں تعمیر کرائسلر بلڈنگ امریکا کی نشانیوں میں سے ایک ہے، یہ عمارت آرٹ ڈیکو طرز کی بہترین مثال ہےجو کسی زمانے میں دنیاکی بلند ترین عمارت تھی، ہرچندکہ آج کرائسلر بلڈنگ سے زیادہ بلند عمارتیں تعمیر ہوچکی ہیں لیکن اس کا شمار آج بھی دنیا کی چند خوبصورت ترین عمارتوں میں ضرور ہوتا ہے۔

سگرادا فیمیلیا

یہ ایک رومن کیتھولک گرجا گھر ہے جو اسپین میں واقع ہے۔ سگرادا فیملیا کا تعمیراتی کام 1882ء میں شروع ہوا تھا۔ عا لمی شہرت یافتہ معمار انتونی گودی 1883ء اس میں شامل ہوئے تھے۔ یونیسکو کی جانب سے اسے عالمی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔ گودی نے اس کی تعمیر اور عمارتی طرز کو گوتھک طرز کے ساتھ ساتھ جدید دور کے گولائی دار لکیری اطوار کے امتزاج سے ایک نیا زاویہ دیا۔

پوٹالا محل

تبت کے دارالحکومت لہاسا میں واقع مشہور پوٹالا محل 1959ء میں سردار دلائی لاما کی رہائش گاہ تھی۔ یہ جگہ 637ء میں بنائی گئی اور 1645ء میں اس جگہ جدید طرز کا محل تعمیر کیا گیا۔ یہ عمارت تبت کے پہاڑ پر بدھ مت کی عبادت گاہوں کی طرز پر بنی ہوئی ہے۔ کوئی شک نہیں کہ پوٹالا محل دنیا کی خوبصورت عمارتوں میں سے ایک ہے۔

پیسا ٹاور

پیسا ٹاورکی تعمیر8 اگست 1173ء کو شروع ہوئی، اس کی8منزلیں اور294 سیڑھیاں ہیں۔ اس کا مینار جھکی ہوئی جانب سے 183.27 فٹ (55.86 میٹر) جبکہ دوسری جانب سے186.02فٹ (56.70میٹر) بلند ہے۔ اگرچہ اس مینار میں ابھی بھی وہ پرانی گھنٹیاں موجود ہیں، جو اس کی تعمیر کے وقت لگائی گئیں تھیں لیکن اب ان کا استعمال نہیں کیا جاتا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کی تعمیر200برس میں مکمل ہوئی یعنی تعمیر میں دوصدیاں بیت گئیں۔

تازہ ترین