• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عام طور سے یہ خیال کیا جاتا ہے کہ گھر کی سجاوٹ کرنا انتہائی آسان کام ہیں۔ تاہم، گھر کی خواتین اس حوالے سے کافی سوچ بچار کرتی اور جدید ٹرینڈز پر عمل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ اس سب میں کافی وقت اور محنت لگتی ہے کیونکہ چیزوں کو مناسب جگہوں پر ترتیب سے رکھنا آسان عمل نہیں ہے۔ سجاوٹ کرنے میں ویسے تو گھر کے ہر حصے پر توجہ دی جاتی ہے اور خاتون خانہ کی کوشش ہوتی ہے کہ ہر حصہ دیکھنے میں یکساں خوبصورت لگے۔ 

تاہم گھر کے ڈرائنگ روم اور لاؤنج کی سجاوٹ پر خصوصی دھیان دیا جاتا ہے کیونکہ گھر کے ان حصوں میں مہمانوں کی بیٹھک کا انتظام کیا جاتا ہے۔ گھر میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلی نگاہ لاؤنج پر ہی جاتی ہے۔ لاؤنج کے لیے صوفوں، پردوں،رگس، کونسول ٹیبل یا کسی بھی آرائشی اشیا کا انتخاب کرنے سے قبل کئی بار سوچا جاتا ہےکیونکہ یہاں کی سجاوٹ گھر آئے مہمانوں کو مکینوں کے اعلیٰ ذوق کا پتہ دیتی ہے۔ یہ کسی بھی گھر کا مرکز ہوتا ہے، جہاں گھر کا کوئی نہ کوئی فرد عموماً موجود رہتا ہے۔ زیرِ نظر مضمون میں ہم لاؤنج کی سجاوٹ پر بات کریں گے جو آپ کو لاؤنج کی سجاوٹ کے دوران کام آئے گی۔

کمرے کارنگ اور وال پیپر

لاؤنج میں آپ اپنی پسند کے مطابق رنگوں کا استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم، پورے کمرے میں ایک ہی جیسا ہلکا رنگ کروانے کے بجائے شوخ اور ہلکے رنگ کا امتزاج تخلیق کریں۔ اس کے علاوہ آپ کمرے کی کسی ایک دیوار پر منفرد ڈیزائن والا وال پیپر بھی لگاسکتے ہیں۔ آجکل 3Dوال پیپر بھی عام ہیں، جو حقیقت کا گمان پیش کرتے ہیں۔ آپ اپنی پسند کا ماحول تخلیق کرنے کے لیے ویسا ہی 3Dوال پیپر لگائیں ۔

فرنیچر

لاؤنج میں فرنیچر رکھنے کی بات ہو تو سب سے پہلا خیال صوفہ سیٹ رکھنے کا ہی آتا ہے۔ اس کے علاوہ کمرے میں اضافی کرسیاں، چھوٹی میز، شیلف، کونسول ٹیبل، شوکیس یا ڈیوائیڈر وغیرہ بھی ضروری سمجھے جاتے ہیں۔ خریداری کرتے وقت اگر ٹرینڈ کے مطابق جدید انداز کا فرنیچر لیا جائے تو زیادہ بہتر ہے۔ کوشش کریں کہ ایسا فرنیچر خریدا جائے جو کمپیکٹ ہونے کے ساتھ ایک سے زائد مقصد میں استعمال ہوسکے۔ 

آجکل نت نئے ڈیزائن کے فرنیچر مارکیٹ میں دستیاب ہیں، ساتھ ہی منفرد رنگوں والے فرنیچر کی خریداری پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔ اگر لاؤنج کی دیواروں کا رنگ ہلکا ہے تو صوفوں کے لیے گہرے رنگوں کا انتخاب عمدہ رہتا ہے۔ یہ لاؤنج کو جدید طرزِ سجاوٹ فراہم کریں گے۔ انٹیریئر ڈیزائنر کے مطابق لاؤنج میں اگر دیواروں پر سفید رنگ کروایا جائے اور اس کے ساتھ نیلے رنگ کے صوفے رکھے جائیں تو یہ ایک قدرتی امتزاج پیدا کرتا ہے۔

مرکزی دیوار

لاؤنج میں گھر کے افراد اور مہمان مل بیٹھتے اور گپ شپ کرتے ہیں۔ اگر کوئی آپس میں گفت و شنید نہ کررہا ہو تو وہ بیٹھا کسی دوسری سرگرمی میں مصروف ہوتا ہے، جن میں سے ایک ٹی وی دیکھنا بھی ہے۔ دورِ جدید میں LED ٹی وی کے عام ہونے کے باعث ٹی وی ٹرالی کا استعمال تقریباً ختم ہوگیا ہے۔ اب لاؤنج کی مرکزی دیوار کے درمیان یا صوفوں کے عین سامنے ٹی وی نصب کردیا جاتا ہے۔ مرکزی دیوار کی آرائش کے لیے ٹی وی کے نیچے شیلف رکھا جاسکتا ہے یا پھر آتش دان بھی بنوایا جاسکتا ہے۔اس طرح کمرے کی مرکزی دیوار ناصرف خوبصورت دکھے گی بلکہ یہاں آرائشی اشیا کی سجاوٹ بھی کی جاسکتی ہے۔

پردے

گھر کے کسی بھی کمرے میں پردے لگانے کا مقصد پرائیویسی حاصل کرنا، کھڑکی سے آنے والی دھوپ کی حدّت کم کرنا، کمرے میں بیرونی روشنی کا داخلہ روک کر اندھیرا کرنا اور سب سے بڑھ کر کمرے کی آرائش کرنا ہوتا ہے۔ اگر آپ لاؤنج کی سجاوٹ کررہے ہیں تو ٹرینڈ پر عمل کرتے ہوئے بھاری، پیچ دار اور جھالر والے پردے استعمال کریں۔ لاؤنج کی دیواروں پر اگر ہلکا رنگ کیا گیا ہے تو آپ پردوں کے لیے گہرے رنگ منتخب کریں۔ لاؤنج کا سائز اگر کم ہو تو فرش سے چھت تک پردے لٹکانا بہترین سمجھا جاتا ہے۔

آئینہ

دورِ قدیم سے آرائش و سجاوٹ میں آئینوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ لاہور کے شاہی قلعے میں موجود’ شیش محل‘ اس کی ایک مثال ہے۔ اسی طرح اگر لاؤنج کی کسی دیوار پر نفاست سے چھوٹے بڑے آئینے لگا دیے جائیں تو یہ کمرے کو کشادہ دکھانے کے ساتھ خوبصورت تصور پیش کریں گے۔ 

لاؤنج کے لیے جب بھی آئینہ منتخب کریں تو اپنے انتخاب کو فریم میں لگے گول، مستطیل یا مثلث نما آئینوں تک محدود نہ رکھیں۔ جیومیٹریکل طرزپر بنے گولڈ یا سلور رنگ کے آئینے بھی آپ کے لاؤنج کی دلکشی بڑھاتے ہوئے اسے روشن بنا دیتے ہیں۔

آرائشی اشیا اور آرٹ ورک

لاؤنج کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے کے لیے آرائشی اشیا اور آرٹ ورک کا استعمال لازمی کیا جاتا ہے۔ تاہم، ان کے انتخاب اور رکھنے یا لگانے کی جگہ کے حوالے سے دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ لاؤنج میں ضرورت سے زیادہ آرائشی اشیا رکھنے کے بجائے جدید خطوط پر بنائی گئیں آرائشی اشیا ہی رکھنی چاہئیں۔ ساتھ ہی آرٹ ورک کے لیے کسی ایک دیوار کو مختص کرنا بھی جدید ٹرینڈز میں شامل ہے۔ لاؤنج میں خوبصورت پھولوں والے گملے بھی رکھے جاسکتے ہیں تاکہ ماحول میں تروتازگی برقرار اور کمرہ خوشبو سے مہکا رہے۔ پھولوں کو نفاست کے ساتھ گلدان میں بھی رکھا جاسکتا ہے۔

لائٹنگ

گھر کی سجاوٹ میں روشنی کو انتہائی اہمیت دی جاتی ہے۔ لاؤنج میں روشنی کا مناسب انتظام اسے روشن اور ہر چیز کی خوبصورتی کو واضح کرتا ہےلیکن اگر روشنی کم ہو تو یہ کمرے کی وضع کو خراب بھی کر سکتی ہے۔ کوشش کریں کہ لاؤنج میں مصنوعی کے ساتھ قدرتی روشنی آنے کا انتظام بھی ہو۔ لائٹنگ کے حوالے سے بھی مختلف ٹرینڈز پر عمل کیا جاتا ہے ۔ 

لاؤنج کے مرکز میں اگر خوبصورت فانوس لگا دیا جائے تو یہ پورے کمرے میں دلکشی کا احساس پیدا کرتا ہے۔ انٹیریئر ڈیزائنر کے مطابق فلور لائٹنگ جدید طرز سجاوٹ میں سے ایک ہیں۔

تازہ ترین