• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلاق کے بعد عامر خان اور کرن کا پہلا بیان سامنے آگیا

طلاق کے بعد بالی ووڈ اداکار عامر خان اور اُن کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کا ایک ساتھ پہلا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر پیپرازو اکاؤنٹ کی جانب سے عامر خان کا ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا ہے جس میں اُن کے ہمراہ اُن کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ بھی موجود ہیں جبکہ یہ ویڈیو اُن کے آن لائن انٹرویو کی ایک مختصر کلپ ہے۔


ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر خان اور اُن کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ ایک ساتھ بیٹھے ہیں اور پھر اداکار اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ہمیں معلوم ہے، طلاق کی خبر سُن کر آپ سب کو بہت دُکھ ہوا ہوگا، اچھا نہیں لگا ہوگا اور آپ بہت حیران بھی ہوں گے۔‘

عامر خان نے کہا کہ ’ہم سب اتنا کہنا چاہیں گے کہ ہم دونوں ہی اس فیصلے سے بہت خوش ہیں۔‘

بالی ووڈ اداکار نے اپنی سابقہ اہلیہ کا ہاتھ تھامتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے رشتے میں تبدیلی ضرور آئی ہے لیکن ہم دونوں ایک ساتھ ہیں تو آپ لوگ پریشان نہیں ہوں۔‘

اُنہوں نے کرن اور اپنی تنظیم ’پانی فاؤنڈیشن‘ کے حوالے سے کہا کہ ’یہ فاؤنڈیشن ہمارے لیے ہمارے بیٹے آزاد کی طرح بہت اہم ہے لہٰذا ہم ہمیشہ ایک فیملی ہی رہیں گے۔‘

عامر خان نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ ’آپ ہمارے لیے دُعا کریں کہ ہم دونوں خوش رہیں۔‘

خیال رہے کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے اہلیہ کرن راؤ سے 15 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد باضابطہ طور پر طلاق کا اعلان کردیا ہے۔

عامر خان اور کرن راؤ 28 دسمبر 2005 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، ان کے ہاں 2011 میں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی تھی۔

تاہم اب دونوں نے طلاق سے متعلق مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ان کی شادی اختتام پذیر ہوگئی ہے، لیکن اسے ایک نئے سفر کے طور پر دیکھا جائے۔

تازہ ترین