بھارتی فلم ساز و اداکارہ پوجا بھٹ نے عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق کی خبر پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رشتے کاغذ پر نہیں بلکہ دل میں بنائے جاتے ہیں۔
پوجا بھٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’شوہر اور بیوی کی حیثیت سے علیحدگی اختیار کرنے کے فیصلے کے بعد بھی باہمی تعاون سے اپنے بچوں کی پرورش کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔‘
بالی ووڈ اداکارہ نے لکھا کہ ’رشتے کاغذ پر نہیں بنائے جاتے بلکہ رشتے تو دل سے بنتے ہیں اور شادی ٹوٹنے کے بعد بھی اپنے رشتے کو احترام کے ساتھ برقرار رکھنے کے لیے دیانتداری کی ضرورت ہوتی ہے۔‘
اُنہوں نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’زیادہ تر شادیاں بُری طرح ختم ہوتی ہیں جن میں دوبارہ تعلقات قائم رکھنا ناممکن ہوتا ہے۔‘
پوجا بھٹ نے مزید لکھا کہ ’لوگ تلخی کو سمجھتے اور قبول کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر لوگ اپنے اور اس رشتے کے بارے میں حقیقت کا سامنا کرنے کے بجائے جھوٹ بولتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے اہلیہ کرن راؤ سے 15 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد باضابطہ طور پر طلاق کا اعلان کردیا ہے۔
عامر خان اور کرن راؤ 28 دسمبر 2005 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، ان کے ہاں 2011 میں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی تھی۔
تاہم اب دونوں نے طلاق سے متعلق مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ان کی شادی اختتام پذیر ہوگئی ہے، لیکن اسے ایک نئے سفر کے طور پر دیکھا جائے۔