وفاقی وزیر میری ٹائم سیکیورٹی افیئر علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ میں ترقیاتی کام پیپلز پارٹی کی ذمہ داری تھی جو پی ٹی آئی کر رہی ہے، اٹھارہویں ترمیم کے بعد ترقیاتی کام کروانے کی بجائے اشتہاری مہم چلائی جارہی ہے جبکہ سنا ہے مرتضی وہاب کو بھی اہم ذمہ داری دی جارہی ہے۔
انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ آج کراچی میں جو بھی ترقیاتی کام ہورہے ہیں وہ پیپلز پارٹی کا کام تھا تاہم وہ سب ہمیں کرنے پڑ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ سندھ میں ترقیاتی کام کرانے کی بجائے صرف اشتہاری مہم چلائی جارہی ہے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی میں 14 سالوں تک عوام کو پانی ٹینکر سے ملا اور کبھی لائن سے نہیں، فائر بریگیڈ کا نظام تباہ حال تھا، ایف ڈبلیو او نے صفائی کروائی اور 2019 میں شہر کو ڈوبنے نہیں دیا گیا۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کی کمی نہیں ہے صرف تقسیم مسئلہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ مرتضی وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی لگایا جارہا ہے تو وہ ڈیلیور بھی کریں۔
اس موقع پر سابق سی پی ایل سی چیف شرف الدین میمن نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی وہ جماعت ہے جو کرپشن کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔