کراچی (محمد ناصر)عبدﷲ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کئے گئے دو مقبول ڈرامہ سیریل ”کاسہ دِل“ اور ”مہلت“ ناظرین کی محبتیں سمیٹ کر پیر کے روز اختتام کو پہنچ جائیں گے۔ ڈرامہ سیریل ”کاسہئ دِل“ کی آخری قسط پیر کی شب 8 بجے اور سیریل”مہلت“ کی آخری قسط شب9بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کی جائیں گی۔ سیریل ”بیچاری قدسیہ“ کا بھی پیر سے آغاز ہوگا اور یہ سیریل روزانہ شام7 بجے ”جیو ٹی وی“ سے دکھایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل ”مہلت“ کی نشر ہونے والی پہلی قسط سے ہی اپنے مدِ مقابل تمام پروگرامز کو ریٹنگ چارٹ پر مقابلے کی مہلت نہ دینے والی ڈرامہ سیریل نے مسلسل ناظرین کو اپنے سحر میں گرفتار کئے رکھا۔ سمیرہ فضل کے قلم سے تراشے ہوئے کرداروں نے ”جیو ٹی وی“ کے ناظرین سے روزانہ کی بنیاد پر جذباتی وابستگی بنائے رکھی جسے صائمہ وسیم کی ہدایات نے کئی نشیب و فراز سے گزار کر ایک فیصلہ کن موڑ پر لا کھڑا کیا ہے۔ سیریل کی کردار نویرہ نے اس قسط میں اپنی زندگی کا اہم ترین فیصلہ کرنا ہے۔ ڈرامے کے پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی ناظرین کی اُمنگوں کے مطابق آخری قسط میں اس اہم ترین موڑ پر کیا نویرہ کیلئے خوشیوں بھرا سندیس لائیں گے؟۔ یہ ڈرامے کی آخری قسط میں دکھایا جائے گا۔ اس سیریل میں کنزہ ہاشمی، سمیع خان، بشریٰ انصاری، جویریہ عباسی، اسما عباس، کومل عزیز خان، اُسامہ خان، سبینا فاروق، ندا ممتاز، علی انصاری اور سیف حسن نے یادگار پرفارمنس دکھائی۔ دوسری طرف ڈرامہ سیریل ”کاسہئ دِل“ جہانزیب قمر کی محبت بھری تحریر ہے جسے معروف ہدایتکار ذیشان احمد نے انتہائی بہترین انداز سے ڈائریکٹ کیا ہے۔ ڈرامے میں عفان وحید، حنا الطاف، کومل عزیز خان، علی انصاری، سکینہ خان، نورالحسن، فضیلہ قاضی، رابعہ نورین، زینب قیوم، حارث وحید اور مریم نور نے اہم کردار ادا کئے۔ معاشرتی اور متوسط طبقے کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتی ڈرامہ سیریل ”بیچاری قدسیہ“ کا آغاز شام 7 بجے سے ہوگا۔ محبت کی عام کہانیوں سے مختلف مگر دِل چھو لینے والی اس داستان میں فاطمہ آفندی، بلال قریشی، مومل خالد، لائبہ خان، فرحان علی آغا، کامران جیلانی، شبیر جان، کنزہ ملک اور دیگر اداکار شامل ہیں۔