• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پیر یا شیخ‘ صاحب کے طعنے نہ دیئے جائیں، یہ میرا، ذاتی مسئلہ ہے، فیروز خان

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اداکار فیروز خان نے کہا ہے کہ ماضی میں ان کے اور ڈراما ساز خلیل الرحمٰن کے درمیان کچھ باتوں پر اختلافات ضرور تھے مگر اب دونوں کے درمیان معاملات نمٹ چکے ہیں۔’ٹو بی آنیسٹ‘ شو میں بات کرتے ہوئے فیروز خان نے خلیل الرحمٰن قمر کو منتخب کرنے کی دلیل دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انٹرنیٹ پر کرائے گئے سرویز دیکھ لیں، زیادہ تر پاکستانی لوگ ڈراما ساز کو ہی منتخب کرتے ہیں۔پروگرام میں انہوں نے روحانی حوالے سے بھی گفتگو کی اور ساتھ ہی میزبان کو ٹوکا کہ انہیں بار بار ’شیخ یا پیر‘ صاحب کا طعنہ نہ دیں، کیوں کہ وہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے۔فیروز خان نے کہا کہ ماضی میں جب انہوں نے شوبز کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا تو انہوں نے ذاتی طور پر کیا تھا، انہیں پیر صاحب نے کبھی شوبز میں کام کرنے سے نہیں روکا۔انہوں نے میزبان سمیت عام لوگوں کو تنبیہ کی کہ انہیں بار بار ’پیر یا شیخ‘ صاحب کے طعنے نہ دیے جائیں، یہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے اور کسی کی روحانیت پر یوں بیانات دینا مذاق کی بات نہیں ہوتی۔فیروز خان نے قدرے سنجیدگی سے کہا کہ وہ پیر صاحب کی بہت عزت کرتے ہیں اور ان سے متعلق بہت ہی حساس ہیں، اس لیے وہ ان کے حوالے سے کوئی مذاق برداشت نہیں کریں گے۔اداکار کا کہنا تھا کہ یہ ان کی بے وقوفی اور غلطی ہے کہ وہ پیر صاحب سے متعلق باتیں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔ پروگرام میں انہوں نے اہلیہ سے علیحدگی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بھی مختصر اور مبہم بات کی۔تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ اہلیہ سے علیحدگی کی خبریں، کس نے پھیلائی تھیں۔خیال رہے کہ دسمبر 2020 میں اداکار اور ان کی اہلیہ علیزے سلطان کے درمیان علیحدگی کی خبریں پھیلی تھیں اور کئی ماہ تک اداکار نے اس پر کوئی واضح جواب بھی نہیں دیا تھا۔تاہم گزشتہ ماہ اگست میں علیزے سلطان کی جانب سے فیروز خان کی تعریف میں شیئر کی گئی انسٹاگرام اسٹوریز کے بعد خبریں سامنے آئیں کہ ان کے درمیان اختلافات ختم ہوچکے۔

تازہ ترین