امریکا میں 11 ستمبر کے حملوں کو 20 سال گزر گئے ہیں، آج سے ٹھیک 20 سال قبل شروع کی گئی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں افغانستان میں برطرف کی گئی طالبان حکومت ایک بار پھر وجود میں آچکی ہے۔
آج سے 20 سال قبل امریکا میں 11 ستمبر 2001ء کے حملوں کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ شروع کی گئی تھی جس میں پاکستان کے 65 ہزار سے زائد شہری، عراق کے 2 لاکھ 68 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے جبکہ 1 لاکھ 47 ہزار افغان جاں بحق ہوئے اور دنیا بھر میں 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔
20 سال قبل امریکا نے افغانستان میں جنگ جمہوریت اور امن کے نام پر شروع کی تھی اور آج ٹھیک 20 سال بعد امریکا طالبان سے ہی اپنے فوجیوں کے پرامن انخلا کی درخواست کرتا دکھائی دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ 11 ستمبر 2001ء کےحملوں نے امریکا کو ہلا کے رکھ دیا تھا، بپھری ہوئی سُپر پاور نے صرف افغانستان کو ہی تہہ تیغ نہیں کیا بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا عالمی ماحول بنا دیا تھا۔