پشاور (وقائع نگار )پشاور میں نانبائیوں کیجانب سے خود ساختہ طور پر روٹی کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا اور100گرام کی روٹی15روپے میں فروخت ہونے لگی۔انتظامیہ کی جانب سے ڈبل روٹی فروخت کرنے پر پابندی کے باوجود بیشتر علاقوں میں اس کی فروخت جاری ہے ۔خیبر بازار ، قصہ خوانی ، نمک منڈی ، ڈھکی دال گراں، محلہ جنگی ، شعبہ بازار ، شیخ آباد ، حاجی کیمپ ، چوک یادگار ، گنج ، پھندو روڈ ، فقیر آباد ، ورسک روڈ ، رنگ روڈ سمیت شہر کے مختلف کمرشل اوررہائشی علاقوں میں نانبائیوں نے روٹی کا وزن پہلے ہی کم کردیا تھا جبکہ اب خود ساختہ طور پرروٹی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا ہے۔بس اڈوں ، بازاروں میں ڈبل روٹی 30روپے تک فروخت کی جارہی ہے، روغنی روٹی اور پراٹھے کا وزن بھی کم کردیا گیا ہے جبکہ چائے فروشوں کے ہو ٹلوں میں بننے والے پراٹھے کا وزن کم کرتے ہو ئے اس کی قیمت بیس روپے کردی گئی ہے۔