• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا نے ہمیں تسلیم نہ کیا تو نتیجہ خطرناک ہوگا، نائب وزیر اطلاعات افغانستان

اسلام آباد(جنگ نیوز)افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے کہاہے کہ اگر امارت اسلامی افغانستان کو تسلیم نہ کیا گیا تو نقصان ہمیں بھی ہوگا اور دنیا کو بھی ہو گا ،دنیا نے ہمیں تسلیم نہ کیا تو نتیجہ خطرناک ہو گا، امریکا کی افغان سرزمین سے دہشتگردی پر تشویش بیجا ، افغان سرزمین کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ دنیا امارت اسلامی افغانستان کو تسلیم کرے یہ افغانوں کا حق ہے، دنیا نے ہم کو اب بھی تسلیم نہ کیا تو اس کا نتیجہ خطرناک اور اچھا نہیں ہو گا۔ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اسلامی امارت کو تسلیم نہ کیا گیا تو اس کا نقصان افغانستان کو بھی ہوگا اور دنیا کو بھی۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی افغان سرزمین سے دہشتگردی کے متعلق تشویش بیجا ہے، افغانستان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، افغانستان کی سرزمین پر ہمارا کنٹرول ہے جس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوطی آرہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ القاعدہ سمیت دیگر دہشتگرد گروپس افغانستان میں نہیں ہیں، ناہموار پہاڑی علاقوں میں اگر کوئی ہے تو ان کو روکیں گے، کوئی غیرملکی دہشتگرد افغانستان میں موجود نہیں ہے، ایسی اطلاعات غلط ہیں۔

نائب وزیر اطلاعات افغانستان نے کہا کہ مذاکرات کا راستہ کھلا ہوتا تو 20 سال جنگ نہ ہوتی، ہماری اپنی وزارت خزانہ ہے اس کو منظم کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین