• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ کی گرانڈ ریہرسل، قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ آج سے شروع، تمام ستارے جگمگائیں گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جمعرات سے پنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔ نیوزی لینڈ کی سیریز منسوخ ہونے کے بعد اس ٹورنامنٹ میں ملک کے تمام بڑے کھلاڑی شرکت کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کریں گے۔ میگا ایونٹ کی گرانڈ ریہرسل کے طور پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں ملک تمام اسٹار کرکٹرز جگمگائیں گے، مجموعی طور پر 90لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔چھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے مدمقابل ہونگیں۔فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ روپے جبکہ رنرزاپ کو پچیس لاکھ روپے بطور انعام دیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو ایک ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ ہر میچ کے بہترین کھلاڑیوں کو 25ہزار روپے جبکہ پلیئر آف دی فائنل کو 35ہزار روپے بطور انعام دیا جائے گا۔ ایونٹ میں سینٹرل پنجاب کی قیادت بابراعظم، ناردرن کی شاداب خان، دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کی محمد رضوان، جی ایف سی سندھ کی سرفراز احمد، بلوچستان کی امام الحق اوراے ٹی ایف سدرن پنجاب کی صہیب مقصود کریں گے۔ ٹی 20ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ پندرہ رکنی قومی اسکواڈ سمیت تینوں ریزرو کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں اپنی اپنی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کریں گے۔23ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والا پہلا مرحلہ 3اکتوبر تک جاری رہے گا، جہاں کُل 18میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 6اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا، جہاں فائنل سمیت کُل 15میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز 12اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں ہمیشہ اعلیٰ معیار کی کرکٹ کھیلنے کو ملتی ہے۔ پنڈی اسٹیڈیم کی شاندار پچز سے اس کا معیار مزید بلند ہوگا۔ انہوں نے یہ ٹورنامنٹ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی تیاریوں کے لیے ایک بہترین موقع ثابت ہوگا۔25فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے، امید ہے کہ شائقین کرکٹ پرجوش انداز میں اسٹینڈز کا رخ کریں گے جس سے ایونٹ میں مقابلے کی فضاء بڑھے گی۔ خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ٹائٹل کے کامیاب دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ ٹورنامنٹ کو ملتان سے راولپنڈی میں منتقل کرنا خوش آئند ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہمارے لیے ایک نیا چیلنج ہوگا۔ ہمارا اسکواڈ متوازی ہے۔ اسکواڈ میں زیادہ ترآل راؤنڈرز موجود ہیں۔ اس مرتبہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کا تجربہ تو نہیں مگر پھر بھی ٹیم اچھے نتائج دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ناردرن کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ہمارا اسکواڈ متوازن ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بولرز کا کردار بہت اہم ہوتا ہے اور ہماری بولنگ لائن اپ بہت مضبوط ہے، کوشش ہے کہ اپنی طاقت پر کرکٹ کھیلیں۔ سندھ کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ نے ہمیشہ پاکستان کرکٹ کی حوصلہ افزائی کی ہے،امید ہے اسٹیڈیم میں موجود تماشائی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کو بھرپور انداز سے سپورٹ کریں گے۔ ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں کے لیے یہ ایونٹ اہم ہے،کھلاڑیوں کوبھرپور تیاری کا موقع ملے گا۔

تازہ ترین