• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک اور ٹیکس، سالڈ ویسٹ بورڈ نے بھی کراچی کے ہر گھر سے 300 روپے تک اکٹھا کرنے کیلئے کمر کس لی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نےبھی کراچی میں 100 ،200اور 300 روپے فیس ہر گھر سے لینے کے لئے سوئی سدرن گیس کمپنی کو خط لکھ دیا یہ فیصلہ وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔ 

واضح رہے کےایم سی پہلےہی حکومت سندھ کی منظوری سےشہریوں سے میونسپل ٹیکس وصول کرنے کے لئےکے الیکٹرک کوکہہ چکا ہے وہ ہر ماہ دو سو روپے اپنے بل میں شامل کر لے جس پر مختلف سیاسی ،سماجی اور صارفین کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ 

دریں اثنا منسٹر لوکل گورنمنٹ و چیئرمین سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈسید ناصر حسین شاہ کی زیرِ صدارت منعقدہ بورڈ اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے اس موقع پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ، ایڈیشنل سیکریٹری فنانس، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق نظامانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر حیدرآباد نثار سومرو، بیرسٹر مصطفی ممتاز، ایڈیشنل کمشنر کراچی،و دیگر شرکاء موجود تھے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اکتوبرکے آخری ہفتے تک ضلع وسطی، ضلع کورنگی اور ضلع لاڑکانہ میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی کچرا اٹھانے کے کام کا آغازکرے گا۔ 

لاڑکانہ میں کوالیفائی کرنے والی کمپنی کو منظوری کا خط (Acceptance Letter) دینے کی منظوری دی گئی جبکہ سکھر، روہڑی، اور حیدرآباد کے ٹینڈر اسی ماہ کر دئیے جائیں گے۔ 

اے ڈی پی اسکیم کے تحت سائنٹفک جی ٹی ایس جس پرکچھ کام ہو چکا ہے بقایا کام مکمل کرنے کی منظوری دی گئی ایس ایس ڈبلیو ایم بی کو اپنے ذرائع سے ریوینیوجنریٹ کرنے کے اقدامات جن میں کنٹونمنٹ بورڈ اور انڈسٹریل ایریا شامل ہیں۔ 

کچرا اٹھانے اور فیس مختص کرنے کے علاوہ کراچی میں رہائشی علاقوں سے علاقہ وائز 100 ،200اور 300 روپے فیس ہر گھر سے لینے کے لئے سوئی سدرن گیس کو خط لکھا گیا ہے کہ وہ اس معاملے میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ساتھ کوآرڈینیشن کریں اورفیس کو بلوں میں شامل کیا جائے۔ 

اجلاس میں ملازمین کو حج، زیارت، ڈیوٹی کے دوران علاج معالجے یا فوتگی کی صورت میں تدفین اور متاثرہ خاندان کو معاوضہ دینے کے لئے پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دریں اثناء ضلع ملیر اور کورنگی سے منسلک ایریاز گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن و دیگر ملحقہ علاقوں سے میں بھی کچرا اٹھانے کی منظوری دی گئی سندھ گورنمنٹ کی کچرے سے توانائی بنانے کی اسکیم کے لئے جن کمپنیز نے اپنے پروپوزل دئیے ہیں اور ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ کے ایڈوائزری سروس کے لئے ٹرانزیکشن ایڈوائزری کنسلٹینٹ مقرر کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔

تازہ ترین