• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں تھوڑی بارش، پانی زیادہ آگیا، کئی علاقے ندی نالے بن گئے، متعدد علاقوں سے بجلی غائب

کراچی(جنگ نیوز، اسٹاف رپورٹر)کراچی میں تھوڑی بارش، پانی زیادہ آگیا، کئی علاقے ندی نالے بن گئے،شارع فیصل پربارش کے بعد بدترین ٹریفک جام،تین ہٹی جہانگیر روڈ بھی زیر آب،نا گن چورنگی پر گاڑیاں بہہ گئیں، ایڈمنسٹریٹر کاکہناہےکہ نالوں سے پانی واپس آنے کے باعث کچھ علاقوں میں صورتحال خراب ہوئی،دوسری جانب متعدد علاقوں میں بارش کے بعد فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔

تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹے کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، بارش کےباعث ناگن چورنگی، فورکے چورنگی زیر آب آگئیں ،ناگن چورنگی کے پل پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،نیچے سڑک بھی تالاب کا منظر پیش کرتی نظر آئی اور کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔

شارع فیصل پر بھی مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور دفاتر سےگھر جانے والے شہری پھنس کر رہ گئے،لیاقت آباد سے تین ہٹی جانے والی سڑک پر بھی پانی جمع ہوا، جہانگیر روڈ سے گرومندر جانے والی سڑک اور کارساز سے شارع فیصل جانے والی سڑک پر بارش کا پانی جمع رہا۔

ایف ٹی سی سے میٹروول آنے والی سڑک پرٹریفک کی روانی متاثر رہی، پی آئی بی سے سینٹرل جیل جانے والی سڑک پر بھی بارش کا پانی جمع رہا،تبت سینٹر سے ریگل چوک اور تبت چوک پر بھی بارش کا پانی جمع رہا، پٹیل پاڑہ،لسبیلہ چوک، ڈینسول ہال پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 3 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ پی اے ایف فیصل بیس پر 36،گلشن معمار میں 3.6 ملی میٹر، قائد آباد 5.5،یونیورسٹی روڈ 5.2،ناظم آباد میں 18ملی میٹر اور ایئرپورٹ اولڈ ایریا میں 14.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا سسٹم سندھ میں داخل ہو گیا ہے 25 ستمبر تک کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔ادھر ایڈمنسٹریٹر کراچی مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ نالوں سے پانی واپس آنے کی وجہ سے شہر کے کچھ علاقوں میں صورتحال خراب ہوئی۔

پہاڑیوں سے پانی آتا ہے نیچے چوکنگ پوائنٹس ہیں تاہم کے ایم سی اور ڈی ایم سی کا عملہ برساتی پانی کی نکاسی کے لئے مسلسل کام کرتا رہا جس سے خاص طور پر نشیبی مقامات پر نکاسی آب ممکن ہوسکی اور صورتحال کنٹرول میں رہی۔

جمعرات کو شہر میں ہونے والی بارش کے بعد شہر کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گزشتہ 6 سال کےدوران عملے کی کام کرنے کی عادت ختم ہوگئی تھی تاہم اب انہیں فعال کیا گیا ہے اور پوری کوشش ہے کہ بارشوں کے دوران شہر میں نکاسی آب کی صورتحال معمول کے مطابق رہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ضلع وسطی میں حسین آباد، کریم آباد، موسیٰ کالونی، حیدری، فائیو اسٹار چورنگی، کے ڈی اے چورنگی، ناگن چورنگی اور دیگر نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے کام پر مامور عملے کو جلد از جلد سڑکوں سے پانی نکالنے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں کراچی میں بارش ہوتے ہی حسب معمول متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ،200سے زائد فیڈر زٹرپ کرگئے، بارش سے گلشن اقبال،گلستان جوہر،اسکیم 33 ،ملیر،قائدآباد،نیو کراچی ،سرجانی ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ 

کے الیکٹرک ذرائع کے مطابق بارش کے بعد متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع کر دیا گیا اور بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ۔

تازہ ترین