لاہور کی مقامی عدالت نے شریف خاندان کی جاتی امراء کی اراضی کے وراثتی انتقال کی منسوخی کے خلاف درخواست پر چیف سیٹلمنٹ کمشنر اور نواز شریف کی بہن کوثر یوسف کو یکم اکتوبر کے لیے نوٹسز جاری کر دیئے۔
سول جج عمران اسحٰق نے یوسف عباس شریف کے دعوے پر تحریری حکم جاری کیا۔
عدالت نے تحریری حکم میں لکھا ہے کہ عدالت تعمیل کنندہ نوٹس وصول کرانے کی تصاویر بھی بنائے، عدالتی نوٹس کی تعمیل کے بعد نوٹسز کے پیچھے نقشۂ موقع بھی بنایا جائے۔
عدالت نے چیف سیٹلمنٹ کمشنر اور کوثر یوسف کو ڈاک کے ذریعے نوٹس بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔
یوسف عباس کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ دادی کے انتقال کے بعد وراثت کا انتقال کرانے کیلئے محکمۂ مال کے پٹواری کو درخواست دی لیکن پٹواری نے موجودہ حکومت کے دباؤ پر اراضی کا وراثتی انتقال درج کرنے سے انکار کر دیا۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ موجودہ حکومت کے دباؤ پر غیر قانونی طریقے سے اراضی کی ملکیت و حیثیت تبدیل کی جا رہی ہے، استدعا ہے کہ متعلقہ حکام کو دادی کی ملکیتی اراضی کی ملکیت اور حیثیت تبدیل کرنے سے روکا جائے۔