اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 6 اکتوبر کو طلب کرلیا۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی اپیلوں سے متعلق سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ ریفرنس کی سماعت کررہا ہے۔
عدالت کے روبرو ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی اور دیگر پیش ہوئے۔
نیب پراسیکیوٹر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا کہ ایک سال سے مریم نواز و دیگر ان اپیلوں میں التوا مانگتے آرہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پونے 3 سال سے یہ اپیلیں زیر التوا ہیں، جن پر ایک سال سے التوا مانگا جارہا ہے۔
اس پر عدالت نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرکے 6 اکتوبر کو جواب طلب کرلیا ہے۔
نیب کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں جبکہ کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔