• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز اور شہباز شریف پھر سرخرو ہوئے، مریم نواز


اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک بار پھر میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف سرخرو ہوئے ہیں، اگر ہم پر جھوٹے مقدمات نہ بنتے تو لوگوں کو کیسے پتاچلتا کہ سچ اورجھوٹ کیا ہے، ہم نے چند سال کے اقتدار کا سودا نہیں کیا، مسلم لیگ (ن) لمبی ریس کا گھوڑا ہے۔

لاہور میں پارٹی اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ برطانیہ کی عدالت سے ایسا فیصلہ آیا کہ ان کی زبانیں بند ہوگئی ہیں، حکومت کی سمجھ میں نہیں آرہا کہ اب کیا کریں۔

ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ اگر ہم پر جھوٹے مقدمات نہ بنتے تو لوگوں کو کیسے پتا چلتا کہ سچ اور جھوٹ کیا ہے، ہمارا مستقبل ماضی سے بھی زیادہ شاندار ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پارٹی میں جہاں جہاں اختلافات ہوں گے، دشمن کا وار کامیاب ہوگا، پارٹی کا نقصان ہر شخص کا نقصان ہوتا ہے، اختلافات بھلا کر الیکشن لڑا تو فتح ملی۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ اگر پوری جماعت نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہو جائے تو پھر فری اینڈ فیئر الیکشن ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف گھر میں گھس کر مارتا ہے اس لیے سب اس سے ڈرتے ہیں۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ اختلاف رائے زندہ جماعتوں میں ہوتی ہے، اس میں پریشان ہونےکی ضرورت نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب میاں صاحب فیصلہ کردیتے ہیں تو شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت سب سپاہی بن کر کھڑے ہوتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ظالم پلیٹ میں رکھ کرحق نہیں دے گا حق لینا پڑتا ہے، ہر بار دھاندلی نہیں ہوتی، ہر ظلم کا حساب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتقام پر یقین نہیں رکھتے مکافات عمل زندگی کا سب سے بڑا اصول ہے، اگر دنیا دنیاوی طاقتوں پہ چلتی رہتی تو کسی کا محاسبہ نہ ہوتا۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ میری زندگی کے دو سبق ہیں، پہلا وقت ایک جیسا نہیں رہتا، دوسرا جو کرو گے وہ بھرو گے، سزا اور جزا حشر کے دن تک موقوف نہیں ہوتی، زندگی خود بھی سزا دیتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن جیتنے کے لئے ان کو بدنام ہوکر الیکشن جیتنا پڑتا ہے، پی ٹی آئی کے ایم این ایز سے بزور طاقت ووٹ لینا پڑتا ہے، اس سے بڑی سزا اور کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہروقت بیانیےکی بات اس لیے ہوتی ہے کہ ہمارے پاس ایک بیانیہ ہے، کسی اور کے پاس بیانیہ ہے ہی نہیں ہے، نواز شریف کا ایک ہی بیانیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ان کو اپنے گڑھ میں مسلم لیگ (ن) کو ہرانے کے لئے بہت محنت کرنا پڑی، ہمارا بیانیہ یہ ہے کہ ہم پی ٹی آئی کے گڑھ نوشہرہ میں جیت گئے۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ کوئی ایسا پوائنٹ بتائیں جو آئین اور قانون کے متصادم ہو جو ہمارےبیانیے میں ہے، اگر کسی نے سازش کی تو ہم منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں۔

تازہ ترین