مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ فخر ہے ہم ہمیشہ تاریخ کی درست سائیڈ پر کھڑے ہوتے ہیں۔
لاہور میں ن لیگ راولپنڈی ڈویژن کا اجلاس ہوا، جس میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، راجا فاروق حیدر اور رانا ثنا اللّٰہ شریک ہوئے۔
اجلاس میں جمال کاکڑ، اویس لغاری، حنیف عباسی، مشتاق منہاس، عطا تارڑ، طاہرہ اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، رانا ابرار، ذیشان رفیق، نزہت صادق، ایم این ایز، ایم پی ایز اور پارٹی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔
پارٹی اجلاس سے خطاب میں رانا ثنا اللّٰہ نے مزید کہا کہ آج ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ کامیابی کا کیسے شکر ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے پاکستانی عدالتوں سے ہماری بےگناہی کی گواہی مل رہی تھی، اب برطانیہ کی عدالت سے بھی ہماری بےگناہی کے فیصلے آگئے ہیں۔
ن لیگ پنجاب کے صدر نے مزید کہا کہ این سی اے ایک انٹرنیشنل ایجنسی ہے، جس کا پوری دنیا میں ایک معیار ہے، پاکستان میں موجود ٹھگوں کا ٹولہ ہمیں ایجنسی کے کارنامے بتاتا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی عدالت سے ہمیں بےگناہی کاثبوت ملنا ہمارے لیے بڑا دن ہے، ہمارے خلاف بار بار ادارہ جاتی مہم جوئی کی گئی۔
رانا ثنا اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ہمیں فخر ہے ہم ہمیشہ تاریخ کی درست سائیڈ پر کھڑے ہوتے ہیں۔