• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیس میرٹ پر روزانہ چلا تو شہباز شریف 25 سال کیلئے جیل جاسکتے ہیں، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر کیس چلا تو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف 25 سال کے لیے جیل جاسکتے ہیں۔

کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ اگر میرٹ پر روزانہ کیس چلا تو شہباز شریف 6 ماہ کے اندر اندر 25 سال کے لیے جیل جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب سڑکیں ماضی سے 10، 10 کروڑ روپے سستی بن رہی ہیں، عوام شریف فیملی سے پاکستان کے پیسوں کی وصولی چاہتے ہیں۔

میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ووٹنگ مشینوں پر اپوزیشن جماعتوں سے بات کی بابراعوان اور علی محمد کو ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سےانتخابی اصلاحات پربات کاخیرمقدم کرتے ہیں، پارلیمنٹ میں بھی مذاکرات کے لیے تیارہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ سمندرپارپاکستانیوں کو ووٹ کاحق دینا اصلاحات کاجزہوگا،انتخابات میں شفافیت یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ شفاف انتخابات کےلیے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں، وزیراعظم نے ای وی ایم کا مسئلہ اپوزیشن کے ساتھ حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ بیس مشینیں ایک نجی کمپنی سے منگوائی ہیں ،اپوزیشن سے بات چیت وقت ضائع کرنے کےلیے نہیں مسئلہ حل کرنےکےلیے ہونی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بلند عمارتیں اتنی نہیں بن رہیں جتنی بننی چاہئیں ،موجودہ حکومت کے دور میں سڑکوں کی تعمیر میں پیسے کی بہت بچت ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ای ویزا کی سہولت 50 سے بڑھ کر 191 ممالک تک ہوگئی ہے ، ای ویزا سے سیاحت کے شعبے کو فائدہ ہوگا۔

اُن کا کہناتھاکہ کابینہ نے انسانی بنیادوں پر انڈونیشیا کو کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے مدد فراہم کررہے ہیں،انڈونیشیا میں کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے ٹیم بھیجنے کی منظوری دی گئی۔

فواد چوہدری نے کہاکہ کپاس کی فصل اس سال بہت بہتر ہوئی ہےجبکہ دیہات کی معیشت میں بہت بہتری آئی ہے، کابینہ اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ۔

انہوں نے کہاکہ مس رپورٹنگ اور فیک رپورٹنگ ایک بڑا مسئلہ ہے،اس وقت عالمی مارکیٹ میں گھی کی قیمت زیادہ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ اسپیکر کو کابینہ نے تجویزدی ہے کہ کورونا وباء میں کورم کا رول معطل کرنا چاہیے۔

تازہ ترین