اسلا م آباد(نمائندہ جنگ ) وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے اپنے ادارے کے تمام افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شکایت کنندگان کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کریں اور وفاقی محتسب میں آنے والی تمام شکایات کو ساٹھ دن میں نمٹانے کے ساتھ ساتھ ان کے فیصلوں پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں ،سرکاری اداروں کے خلاف شکایات لے کرآنے والے شکایت کنندگان کو ہم سے کوئی شکایت نہیں ہونی چاہئے ،اگر کوئی شکایت گزار کسی وجہ سے سماعت میں نہیں آپاتا تو اس سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اسے دوبارہ سماعت کا موقع دیں ،وفاقی محتسب گزشتہ روز سہ ماہی جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ، اجلاس میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے سیکرٹری شعیب احمد صدیقی کے علاوہ سینئر ایڈوائزروں اور انوسٹی گیشن افسروں سمیت تمام شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی ۔ اجلاس میں گزشتہ تین ماہ کے دوران کی کارکردگی ،شکایات کی وصولی اور فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا ،وفاقی محتسب کو بتایا گیا کہ جولائی سے ستمبر2021 کے دوران 28669شکایات موصول ہوئیں جب کہ27564شکایات کے فیصلے کئے گئے اور اس دوران 9812 فیصلوں پر عملدرآمد کرایا گیا ۔ انہوں نے انوسٹی گیشن افسران کو فیصلوں کے ڈرافٹ کا معیار اوردفتری نظام بہتر بنانے کیلئےہدایات بھی دیں ۔