• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعبہ تعمیرات سے وابستہ پروفیشنلز کیلئے مفت آن لائن کورسز

جدید ٹیکنالوجی کی آمد کے ساتھ آن لائن تعلیم کے حصول میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ آن لائن تعلیم نسبتاً سستی ہونے کے ساتھ ساتھ زمان و مکاں کی قید سے بھی آزاد ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر، آپ پاکستان میں رہتے ہوئے دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں سے اپنی سہولت اور دستیاب وقت کے مطابق آن لائن تعلیم حاصل کرسکتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے آپ پاکستان کے گاؤں دیہات میں رہتے ہوئے ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان سے آن لائن تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔

کچھ آن لائن کورسز کے لیے آپ کو معاوضہ ادا کرنا پڑتا ہے، جب کہ کچھ غیرمنافع بخش ادارے، افراد اور تعلیمی ادارے کچھ آن لائن کورسز بلامعاوضہ بھی فراہم کرتے ہیں۔ ایسے ہی آرکیٹیکچر اور کنسٹرکشن کے شعبہ میں بھی کئی مفت آن لائن کورسز دستیاب ہیں، جن کی تفصیل ذیل میں فراہم کی جارہی ہے۔

The Art of Structural Engineering: Vaults

یہ آن لائن کورس پرنسٹن یونیورسٹی کی جانب سے پیش کیا جاتا ہے۔ اس انجینئرنگ کورس میں گنبدوں کا جائزہ لینا سکھایا جاتا ہے۔ یہ کورس سیکھ کر آپ کو اندازہ ہوتا ہے کہ انجینئرنگ کا شعبہ کس قدر تخلیقی مواقع فراہم کرتا ہے۔

Parametric Design and Optimization

یہ کورس اسٹینفورڈ اسکول آف انجینئرنگ کی طرف سے پیش کیا گیا ہے۔ اس آن لائن کورس میں  پیرامیٹرک ماڈلنگ اور کمپیوٹیشنل ڈیزائن کی تیکنیکس اور ٹولز استعمال کرتے ہوئے ڈیزائن آپٹیمائزیشن کے لیے فاؤنڈیشن کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

Architectural Construction Systems

یہ آن لائن کورس اُڈیمی پر مائیکل نیٹو کی جانب سے پیش کیا گیا ہے۔اس کورس کے ذریعے آپ یہ سیکھ سکتے ہیں کہ لکڑی، دھات اور کنکریٹ سے کی جانے والی تعمیرات کا خاکہ اور ڈیزائن کس طرح بنایا جاتا ہے۔ اس کورس میں وہ لوگ اِنرول کرسکتے ہیں، جو پہلے سے تھوڑی بہت آرکیٹیکچرل اور خاکہ بنانے کی بنیادی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ اُڈیمی، آن لائن کورس کرانے والی دنیا کی چند بڑی ویب سائٹس میں سے ایک ہے، جس کے آن لائن کورسز کو دنیا بھر میں مانا جاتا ہے۔

Introduction to Kinetic Facades

یہ کورس ای ڈی ایس گلوبل کی جانب سے پیش کیا جاتا ہے۔ یہ شعبہ آرکیٹیکچر کا ایک بنیادی کورس ہے، جس میں اِنرول ہونے کے لیے کسی پیشگی قابلیت کی شرط نہیں ہے۔ کورس میں بنیادی طور پر عمارت کے Facadeیعنی سامنے کے حصے یا اگواڑے کے ڈیزائن کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔

Home Automation For Beginners: Create Your Own Smart Home

یہ کورس جیرارڈ او ڈریسکال کی جانب سے پیش کیا جاتا ہے، جس میں آپ کو ئی پیسہ ضائع کیے بغیر الف سے ی تک اسمارٹ ہوم آٹومیشن سسٹم نصب کرنا سیکھتے ہیں۔ اس کورس میں اِنرول ہونے کے لیے آپ کو اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجیز کا پیشگی علم ہونا ضروری نہیں ہے اور نا ہی آپ کے پاس اسمارٹ ہوم ٹولز اور ایکوئمپنٹ کا ہونا کوئی شرط ہے۔ تاہم، اس کورس کے اختتام پر آپ اپنے گھر میں اسمارٹ ڈیوائسز نصب کرنے کے قابل ہوجائیں گےجو انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)کے ذریعے ایک دوسرے کو پیغامات بھیج اور وصول کرسکیں گے۔

Fundamentals of Structural Analysis

یہ کورس ڈاکٹر سین کیرال پیش کرتے ہیں۔ اس کورس کے ذریعے آپ سول انجینئرنگ کا ڈھانچہ جاتی تجزیہ کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔ اس کورس میں اِنرول ہونے کے لیے کوئی پیشگی قابلیت کی شرط نہیں ہے، تاہم بہتر رہے گا اگر آپ بنیادی ہائی اسکول الجبرا اور جیومیٹری کا علم رکھتے ہیں، اس سے آپ کو سول انجینئرنگ کے تصورات سمجھنے میں آسانی ہوگی۔ اور ہاں، آپ کے پاس ایک پنسل، کاپی اور کیلکیولیٹر اور اس کورس کے لیے چند گھنٹوں کا وقت ہونا چاہیے۔

Introduction to Structural Steel Design

یہ آن لائن کورس ایڈم بریٹن پیش کرتے ہیں۔ اس کورس کے اختتام پر آپ کو ڈھانچہ جاتی اسٹیل کی بنیادی خصوصیات اور ڈیزائن کا جامع علم ہوجائے گا۔ اس کے لیے آپ کو بنیادی انجینئرنگ کا علم ہونا چاہیے، تاہم یہ شرط نہیں ہے۔

Design of bridges: Concept, Modeling, Analysis, and Design

یہ آن لائن کورس ایمن کانڈل پیش کرتے ہیں۔ اس کورس کے اختتام پر آپ کو بین الاقوامی کوڈز اور معیارات کے مطابق پُل تعمیر کرنے کی مکمل الف، ب معلوم ہوجائے گی اور آپ کو یہ علم بھی ہوجائے گا کہ مختلف مقاصد کے لیے پل کس طرح تعمیر کیے جاتے ہیں اور ان پر وزن کس طرح منتقل کیا جاتا ہے۔

Learn To Read Structural Drawings: From Zero To Hero

یہ آن لائن کورس گوکل سوڈ پیش کرتے ہیں۔ یہ کورس مکمل کرنے کے بعد آپ سول انجینئرنگ کی اسٹرکچرل ڈرائنگز کو پڑھنے اور سمجھنے کے قابل ہوجائیں گے۔ یہ کورس نئے انجینئرنگ گریجویٹس، آرکیٹیکٹس اور اسٹرکچرل انجینئرز کے لیے کارآمد رہے گا، جس کے بعد وہ تعمیراتی پروجیکٹس کا پلان تیار کرنے، اس پر عملی کام کرنے اور سائٹ پر ری انفورسمنٹ کو جانچنے کی صلاحیت حاصل کرلیں گے۔

Designing Sustainable, Prefabricated Wood Buildings

یہ آن لائن پروگرام ’تھِنک ووڈ‘ کی جانب سے پیش کیا جاتا ہے جو لکڑی کی پری فیبریکیٹڈ عمارتیں تعمیر کرنے میں ایک بڑا مقام رکھتا ہے۔ اس کورس میں آپ کو تعمیرات میں پری فیبریکیشن کے فوائد کا بتایا جائے گا کہ ’لائٹ ووڈ فریم‘ اور ’ماس ٹِمبر کنسٹرکشن‘ میں کس طرح اس کا مؤثر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین