• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اطلاعات کمیٹی کا ٹی وی چینلز پر فوج کو مارشل لا پر اکسانے سے متعلق پروگرام کا نوٹس

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کی اطلاعات و نشریات ذیلی پارلیمانی کمیٹی نےاے آر وائی اور بعض دیگر چینلز پرفوج کو مارشل لاء پر اکسانے سے متعلق پروگرام پر نوٹس لے لیا ہے۔ پارلیمانی ذیلی کمیٹی نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف اکسانے اور وزیراعظم ہائوس و ایوان صدر پر قبضے کی باتیں آرٹیکل 6 کے زمرے میں آتی ہیں۔ اطلاعات و نشریات ذیلی پارلیمانی کمیٹی کااجلاس چیئرمین عمران ظفر لغاری کی زیر صدارت ہوا، کمیٹی نے پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن کی اجلاس میں عدم شرکت پر اظہار برہمی کیا۔ چیئرمین نے کہا کہ پی بی اے حکام نے آئندہ اجلاس میں شرکت نہ کی تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔ پارلیمانی کمیٹی نے کچھ چینلز کی طرف سے جمہوریت کے خلاف اکسا نے والے پروگرامز پر آرٹیکل6 کے اطلاق سے متعلق پیمرا کے قانونی ماہرین سے رائے مانگ لی او رڈ ا کٹر عاصم بیان کی ویڈیو میڈیا پر نشر ہونے کی تحقیقا ت کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا کہ پیمرا قوانین میں ٹی وی چینلز کوایسی ویڈیو اور بیانات سے روکنے کا اختیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا حق ہے کہ ایکسکلوسیو خبریں اور فوٹیج جاری کریں اور اگر کوئی خبر ضابطہ اخلاق کے مطابق چل رہی ہے تو اسے روکا نہیں جاسکتا اور کسی فریق کی جانب سے شکایت نہ ہوتو اس پر کارروائی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ بعض اینکرز کے پاس غیر ملکی پاسپورٹس ہیں اور وہ پاکستان کے آئین کو توڑنے کی بات کرتے ہیں۔ غیر ملکی پاسپورٹ کے حامل اینکرز اپنی پسند کے ملک میں جاکر وہاں آئین توڑنے کی بات کریں تو انہیں پتہ چل جائے گا کہ قانون کیا ہوتا ہے۔ ابصار عالم نے کہا کہ میڈیا کی قربانیوں کامذاق اڑانے پر پارلیمنٹ کردار ادا کرے۔
تازہ ترین