• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک کی حفاظت قومی ذمہ داری ہے، دہشت گردوں، مجرموں اور کرپشن کا گٹھ جوڑ توڑ دیں گے، جنرل راحیل

اسلام آباد(آئی این پی )آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل ہر صورت میں مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ،سی پیک منصوبے سے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے ، منصوبے کی حفاظت قومی ذمہ داری ہے ،سی پیک منصوبہ گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ، آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ، دہشتگردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور کرپشن کا گٹھ جوڑ توڑیں گے ، پاکستانی قوم اور فوج کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے ، پیپلز لبریشن آرمی طاقتور ترین فوج ہے ۔ وہ جمعرات کو مقامی ہوٹل میں چین کی پیپلز لیبریشن آرمی کے 89 ویں یوم تاسیس کے کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں اعلیٰ فوجی و سول افسران اور مختلف ممالک کے دفاعی آتاشیوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر چینی سفارتخانے کے ملٹری آتاشی میجر جنرل کی ہو جون کی جانب سے استقبالیہ کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈونگ بھی موجود تھے ۔ اگست 1927 میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت نے مسلح افواج جنگجوؤں کے خلاف لڑائی لڑی بعد ازاں پاکستان لبریشن آرمی کی بنیاد کے حوالے سے اگست کا پہلا دن مختص کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کے دوران جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک نے خصوصی طور پر سی پیک کے ذریعے اپنے پارٹنر شپ کو جاری رکھا ہوا ہے ۔ سی پیک منصوبہ پاکستان کے عوام سمیت پورے خطے کے لوگوں کے حالات زندگی بدلنے کیلئے ایک گیم چینجر ہے ۔ چین اور پاکستان کی منزل ایک ہے اور وہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں ۔ ان کا تعاون اندر اور باہر انتہائی اعلیٰ ہے ۔ جنرل راحیل نے چین کی مسلح افواج کے پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی اور کہا کہ وہ امن و سلامتی کی علامت ہیں ۔ بڑھتے ہوئے فوج سے فوج کے تعلقات ان کی کثیر الطرفہ دوستی کا سنگ میل ہیں ۔ انہوں نے چین کے ساتھ امن ترقی اور دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنے کے لئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی نے تذویراتی تعلقات کی بنیاد رکھی ہے ۔ چائنا پیپلز لیبریشن آرمی دنیا کی عمدہ افواج میں سے ایک ہے ۔
تازہ ترین