• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانی حقوق کمیشن سیشن، پاکستان سے متعلق دلچسپی رکھنے والوں کی شرکت

جنیوا (مرتضیٰ علی شاہ) اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن کے 33ویں سیشن میں پاکستان سے متعلق واقعات اور سرگرمیوں سے دلچسپی رکھنے والی شخصیات اور گروپوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہران مری جو بلوچستان کے ایشو پر گذشتہ 13 سال سے اس فورم اور یورپی یونین کی سطح پر سرگرم اور مہم چلارہے ہیں، اس سال وہ گذشتہ کے مقابلے میں زیادہ سرگرم ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن میں 4سائیڈ ایونٹس منعقد کئے اور آئندہ ہفتہ کیلئے ایک بڑے ایونٹ کا پروگرام بنایا ہے۔ انہوں نے اب تک انسانی حقوق کمیشن کی عمارت کے باہر دو منظم مظاہرے کرائے اور اپنے برادر نسبتی کالعدم بلوچ ری پبلکن پارٹی کے رہنما براہمداغ بگٹی کے ساتھ ملکر ایک مارچ کی بھی قیادت کی۔بروکن چیئر کے سامنے مقبوضہ کشمیر سے انسانی حقوق کی مہم چلانے والوں نے وہاں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کیلئے پوسٹرز اور اسٹالز لگائے۔جن میں تصویروں کے ذریعہ  بلیٹ گنز کے استعمال سے زخمی کشمیریوں کی حالت زار کو نمایاں کیا گیا ہے۔
تازہ ترین