• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسائل حل نہ ہوئےتو ہڑتال کے سوا کوئی چارہ نہ ہوگا،کیبل آپریٹرز

لاہور(نمائندہ جنگ)کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر کیپٹن جبارنے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وعدے کے مطابق ملاقات نہیں کی اور نہ ہی ہمارے مسائل کا حل نکالا ہے۔مسائل حل نہ ہوئےتو ہڑتال کے سوا کوئی چارہ نہ ہوگا۔لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہڑتال کا آپشن موجود ہے جس پرپورے ملک کے کیبل آپریٹرز ایک پیج پر ہیں۔پنجاب ریونیو اتھارٹی کا سیلز ٹیکس ظالمانہ طریقے سے نفاذظالمانہ ہے،اسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔سندھ حکومت اگر ایسا کرسکتی ہے تو پنجاب حکومت  کیوں نہیں کرسکتی ہے۔ ہم اپیل کرتے ہیں کہ اپنے وعدے کو نبھاتے ہوئے ہمارے وفد کو جلد از جلد ملاقات کا وقت دیں تاکہ کیبل آپریٹرز اور عوام کودرپیش مسائل سے آگاہ کر سکیں۔ کیبل انڈسٹری ڈیجٹلائزیشن کے مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے جس پر بھاری سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ہمیں گورنمنٹ کی طرف سے کوئی سپورٹ نہیں ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کیبل کو انڈسٹری کا درجہ دیا جائے تاکہ کیبل آپریٹرز بینک لون اور دوسری حکومتی مراعات سے فائدہ اٹھا کر جلد از جلد اپنے ڈیجٹلائزیشن کے عمل کو مکمل کر سکیں۔ ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر جتنے بھی ٹیکسز سیٹ اپ بکس امپورٹ کرنے پر لگائے جا رہے ہیں جس میں کسٹم ایکسائز ، سیل ٹیکس وغیرہ شامل ہیں ، سب کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور اس سلسلے میں چیئرمین پیمرا سے درخواست کرتے ہیں کہ درآمد پر این او سی پہلے کی طرح جاری کیا جائے۔ اس سلسلہ میں سیٹ اپ بکس کی آڑ میں ڈش ٹی وی اور سی لائن سمیت  جو بھی غیر قانونی بکسز آ رہے ہیں ان کی کمیٹی تشکیل دی جائے جو کہ رپورٹ سے سامان نکلنے سے پہلے یا بعد میں سکروٹنی کرے۔ اگر کوئی اس میں غیر قانونی بکس پایا جائے تو تمام سامان ضبط کر لیا جائے اور متعلقہ کیبل آپریٹر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ہم پیمرا کا ہمیشہ کی طرح بھرپور ساتھ دیں گے مگر زیر التوا  اور نئےاین او سی فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ پورٹ پر پڑے ہوئے کیبل کے سامان پر جو  جرمانے پڑ رہے ہیں ان سے بچا جا سکے۔ ڈی ٹی ایچ پالیسی کو اس وقت تک موخر کردیا جائے جب تک ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل نہیں ہوسکتا اس سلسلہ میں حکومت کا تعاون درکار ہے ۔اگر ہمارے مسائل کو حل نہ کیا گیا تو ہڑتال کے علاوہ کوئی چارہ نہ ہوگاکیونکہ اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہونے جا رہی ہے۔ اس وقت ہمارا ملک ہنگامی حالات سے گزر رہا ہے۔ اپنے ہمسایہ ملک کے بھونڈے عزائم کے خلاف ہم  وزیراعظم میاں نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے جرأت مندانہ رویہ اپناتے ہوئے جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مؤقف بڑے مؤثر انداز میں بیان کرتے ہوئے مودی سرکار کا بھرپور جواب دیا اور بین الاقوامی برادری میں ان کو ننگا کر دیا۔ ہم وزیراعظم نواز شریف اور جنرل راحیل شریف  کو پاکستان کے تمام کیبل آپریٹرز کی طرف سے یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہم اس کڑے وقت میں افواج پاکستان اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس سلسلہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے
تازہ ترین