• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم سے روکنا تمام اقوام کی ذمہ داری ہے، افضل خان

مانچسٹر(نمائندہ جنگ)عالمی سطح پر بھارت کی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لئے تمام کمیونٹیز کو مل کر کام کرنا چاہئے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لایاجاسکے۔ ان خیالات کااظہار رکن یورپی پارلیمنٹ محمد افضل خان نے ہاشم ویلفیئر ہسپتال کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کو روکنا تمام اقوام کا کام ہے اور کشمیریوں کی آزادی ان کا بنیادی حق ہے ،عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کو زندہ رہنے کا حق دلائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز برطانیہ میں طبی خدمات کے ذریعے خدمت کررہے ہیں اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کے لئے کوشاں ہیں۔ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فزا خان نیازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانی محنت کرکے پاکستان کو زرمبادلہ بھیجتے ہیں جو پاکستان کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے تارکین اس کا وش کو سراہاجانا ضروری ہے۔ڈاکٹر محمد ادریس اعوان بانی ہاشم ویلفیئر ہسپتال نے کہا کہ ہمارا ہسپتال 12 سال سے عوام کی خدمت کررہا ہے اور ہم بے سہارا ، یتیم افراد کی خدمت کرکے فخر محسوس کرتے ہیں ہسپتال میں ضرورت مندوں کا مفت علاج کیاجاتاہے۔ ڈاکٹر محمد ایاز اصغر نے کہا کہ برطانیہ سے ڈاکٹروں کی ٹیم ہسپتال میں فری علاج معالجہ کے لئے پاکستان جاتی ہے راولپنڈی میں قائم ہاشم ویلفیئر ہسپتال میں تمام جدید سہولیات مریضوں کو مہیا کی جاتی ہیں۔تقریب میں ڈاکٹروں، سیاسی، سماجی رہنمائوں کے علاوہ ڈاکٹر تیمور مرزا، ڈاکٹر صائمہ ، ڈاکٹر ہارون یونس پرواز، ڈاکٹر خان، ڈاکٹر عبدالحفیظ، خواجہ کلیم الرحمٰن ، کومل خان، یاسمین عالم، چوہدری محمد شاہد الطاف، باسط شاہ ودیگر نے شرکت کی۔ تقریب میں فاریہ ، افی خان، لیاقت مانی نے موسیقی پیش کی۔
تازہ ترین