• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کی آزادی تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے، چوہدری یٰسین

برسلز (عظیم ڈار) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون اور بلجیم برانچ نے مقبوضہ وادی میں جاری ظلم و ستم کی لہر اور کشمیری طلبہ اور بچوں پر کیمیکل اور پیلٹ گن کے ذریعے تشدد کے خلاف بھارتی حکومت کو تنبیہہ کرنے کیلئے ایک فقید المثال ریلی کا اہتمام کیا۔ یہ احتجاج بھارتی سفارتخانہ برسلز کے سامنے کیا گیا۔ مظاہرے میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے اپوزیشن لیڈر چوہدری یٰسین نے خصوصی طور پر شرکت کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ جھوٹی جمہوریت والوں جب تک کشمیر آزاد نہیں کرو گے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے تناظر میں موجودہ حالات پر بات چیت کرتے ہوئے بھارتی حکومت کے ظالمانہ تشدد پر حیرت اور دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا یورپ و برطانیہ سمیت دنیا بھر میں مختلف جگہوں پر مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا جائے۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ بلجیم برانچ کے صدر مشتاق دیوان، جنرل سیکرٹری مسعود میر اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ممبر سردار زاہد نے اپنے اپنے خطاب میں بھارتی حکومت کو باور کروایا کہ وہ کشمیر کے اندر جارحانہ کارروائیاں بند کر دے ورنہ اسے بہت بڑا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم نے ہمیشہ ہی صبر کا دامن پکڑے رکھا اور آزادی کے مشن کو اپنے خون سے روشن کیا۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے سینئر وائس صدر مرزا شبیر جرال، سینئر رہنما سردار نسیم اقبال ایڈووکیٹ اور ظہیر زاہد نے کہا کہ ہندوستان اب کشمیری بچوں کو شہید کرکے کشمیری قوم کو آزادی کے مشن سے ہٹانے کی ناپاک کوششیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا خاموش تماشائی بن کر تماشا دیکھ رہی ہے جب کہ دنیا میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالیاں مقبوضہ کشمیر کے اندر ہو رہی ہیں۔ عالمی قوتیں اور انسانی حقوق کے ادارے کھلی آنکھوں کے ساتھ تشدد کی حالیہ لہر کو رکوانے کیلئے کردار ادا کریں۔ احتجاجی ریلی میں سردار الطاف، گلفراز خان، ڈاکٹر اشتیاق، فیاض آسی، اشفاق قمر، طارق، افتخار نے بھی خطاب کئے اور بھارتی ایمبیسی کے سامنے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری بچوں اور طلبہ کے ساتھ ظلم و ستم کو بند کرنے اور حق خودارادیت کے مطالبے اور کشمیر سے فوج کے انخلا کیلئے عبارتیں درج تھیں۔
تازہ ترین