• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فکر حسینؓ عام کرکے دہشت گردوں کو شکست دی جاسکتی ہے، حسن ظفرنقوی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ حسینیت ایک فکر اور ایک وژن کا نام ہے ۔امام اعلیٰ مقام نے دین اسلام کی بقاءاور احیا ءکے لئے اپنی جان نثار کرکے ایثار وقربانی کی ایک عظیم تاریخ کربلا کے میدان میں رقم کی  ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم فکر حسینیت کو عام کریں ۔اسلام کے نام پر مسلمانوں کو مختلف فرقوں میں تقسیم کردیاگیاہے ،ہمیں متحدہ ہونے اور درس کربلا سے سیکھنے کی ضرورت ہے ،آج پوری اُمت مسلمہ مسائل کا شکارہے ضرورت اس امر کی ہے کہ حسینیت کے جذبہ کو بیدار کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں یوم حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کا اہتمام دفتر مشیر امور طلبہ اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی یونیورسٹی کی جانب سے پارکنگ گراؤنڈ (بالمقابل آرٹس لابی) جامعہ کراچی میں کیا گیا تھا۔اس موقع پرعلامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہر بیدار ضمیر امام اعلیٰ مقام حضر ت امام حسین ؑکی یاد کو زندہ رکھے ہوئے ہیں،دور حضرت آدم ؑ سے آج تک بقاء انسانیت کی خاطر حق وباطل کی جنگ جاری ہے۔تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ معرکہ حق وباطل میں طاقت کے زور پر کامیاب ہونے والے ہمیشہ ناکام ہوئے ہیں۔ واقعہ کربلا نے تاقیامت حق وباطل کے درمیان ایک لکیر قائم کردی ہے ۔فکر حسینی عام کرکے دہشتگردی کو شکست دی جاسکتی ہے نوجوانوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی اعلیٰ ترین درسگاہ کربلا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر قاضی احمد نورانی نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی کا مقصد دین محمد کی سربلندی تھا ۔جامعات میں یوم حسین ؑ کے انعقاد کا مقصد اس بات کا ثبوت ہے کہ حسینیت فرقہ واریت نہیں بلکہ اتحاد بین المسلمین کا ذریعہ ہے۔ ہمیں حسینیت عام کرنے کے لئے اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔ڈاکٹر علی محسن نقوی نے کہا کہ واقعہ کربلا وقوع پذیر ہوئے صدیوں گزرگئیں مگر ذہنوں اور دلوں میں امام کے ایثار اور صبر کے جذبے کو لازوال دوام حاصل ہے ۔کربلا آکر حسین زندہ جاوید ہوگئے جس کی زمانے نے بھی قدر ومنزلت کی ۔اس موقع پر طلباوطالبات نے نوحہ ،سلام ومرثیے کے ذریعے امام اعلیٰ مقام حضرت امام حسینؑ اور دیگر شہداءکربلا کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر مشیر امورطلبہ پروفیسر ڈاکٹر سید انصر رضوی، پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی ،ڈاکٹر تنویر عباس ،پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی،آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر سمیت اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد موجودتھی۔ 
تازہ ترین