• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صورتحال کا نوٹس نہ لیا تو خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجنے کااعلان

لندن (آصف ڈار) برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرنے کے لئے آل پارٹیز پارلیمانی گروپ آن کشمیر کا ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو فوری طور پر درست نہ کیا گیا تو یہ خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز پارلیمانی گروپ آن پاکستان کے چیئرمین رحمٰن چشتی ایم پی کی جانب سے پاکستانی پارلیمانی وفد کو دیئے گئے ایک استقبالیہ میں کیا گیا۔ اس دوران پارلیمانی وفد کے ارکان جنرل (ر) عبدالقیوم اور ایم این اے قیصر شیخ نے ارکان پارلیمنٹ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور پاکستان کے خلاف بھارت کے جارحانہ عزائم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ رحمٰن چشتی ایم پی کی اس تجویز سے تمام ارکان پارلیمنٹ نے اتفاق کیا کہ اے پی پی جی آن کشمیر کے ارکان پر مشتمل ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن ترتیب دیا جائے گا جسے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے گا۔ یہ مشن پاکستان کا بھی دورہ کرے گا۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ چونکہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں اس لئے مسئلہ کشمیر پر پیدا ہونے والا تنازع دنیا کو تباہی کی طرف بھی لے جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرائے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرائے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلائے۔ ارکان پارلیمنٹ نے برطانوی حکومت سے بھی کہا کہ وہ اپنے پیدا کردہ اس مسئلے کو حل کرانے کیلئے پاکستان اور بھارت کی مدد کرے۔ بعض ارکان پارلیمنٹ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ منگل کو عمران حسین ایم پی کے سوال پر متعلقہ وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت نہیں کی جبکہ ٹوری ارکان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اس مسئلے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور اس پر پارلیمنٹ میں بحث بھی کرائی جاسکتی ہے۔ بحث میں حصہ لینے والوں میں لارڈ نذیر احمد، یاسمین قریشی ایم پی، نصرت غنی ایم پی، تسمینہ شیخ ایم پی، ڈیوڈ نٹل ایم پی، شیڈو وزیر خارجہ لزمیکنس، شیڈو وزیر خالد محمود، عمران حسین ایم پی اور کیٹ میلیرین ایم پی شامل تھیں۔ جبکہ پاکستان ہائی کمشنر سید ابن عباس نے بھی خطاب کیا۔ پارلیمانی وفد کے ارکان جنرل (ر) عبدالقیوم اور ایم این اے قیصر شیخ کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔ 100دن سے گرفیو لگا رکھا ہے۔ نوجوانوں کی آنکھیں چھینی جا رہی ہیں۔ بھارتی فوج کو ’’لائسنس ٹو کِل‘‘ دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری نے مداخلت نہ کی تو صورتحال انتہائی خراب ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین