• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکارپور، پی ایس 11کے ضمنی انتخابات میں امتیاز شیخ ایک بار پھر کامیاب

شکارپور(نامہ نگار)  پی ایس 11 شکارپور  کے ضمنی انتخابات میں پی پی  پہلے، جے یو آئی دوسرے جبکہ پی ٹی آئی انتہائی کم ووٹوں کے ساتھ  تیسرے نمبر پر رہی۔تفصیلات کے مطابق 20اکتوبر کو شکار پور میں پی ایس 11پر ضمنی انتخابات میں پانچ امیدوار میدان میں تھے جس میں سخت ترین مقابلہ پیپلز پارٹی کےامیدوارامتیاز احمد شیخ اور جے یو آئی کےامیدوار  مولانا ناصر محمود سومرو کے مابین رہا۔ضمنی انتخابات میں غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امتیاز احمد شیخ نے 35ہزار 2سو 37ووٹ، جمعیت علمائے اسلام کے مولانا ناصر محمود سومرونے 26ہزار 1سو82 ووٹ، پاکستان تحریک انصاف کے محمد اعظم بروہی نے 601،آزاد امیدوار فراز امتیاز شیخ نے 426 جبکہ ایک اور آزاد امیدوار زاہدحسین میرانی نے 154ووٹ حاصل کئے۔ اس طرح شکارپور میں حلقہ پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار امتیاز احمد شیخ نے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق 8ہزار 2سو 54  ووٹوں  کی برتری سے کامیابی حاصل کرکے یہ نشست اپنے نام کرلی ۔ حلقہ پی ایس 11کی 105 پولنگ اسٹیشنوں پر 1لاکھ 35ہزار 4سو 35ووٹروں کا اندراج ہے،جس میں 72ہزار9سو49 مرد ووٹرز اور 62ہزار486خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ حلقہ پی ایس 11 پر  41پولنگ اسٹیشنز مردحضرات کے لئے اور 41 پولنگ اسٹیشنز خواتین کے لئے جبکہ 23 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز رکھے گئے تھے۔ اس بار اس حلقے سے ضمنی انتخابات میں 62ہزار 6سو ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا،جس کے تناسب سے اس حلقے پر  46.22  فی صد ووٹ ہی پڑ سکے۔ضمنی انتخابات کے دوران  دہشتگردی کے واقعات کے پیش نظر پورے حلقے میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔جہاں رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے پورا دن پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر کے انتظامات سنبھالتے ہوئے  اپنے فرائض بخوبی سرانجام دیئے جس کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔امتیاز احمد شیخ کی کامیابی کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج خان درانی، صوبائی مشیر ڈاکٹر قیوم سومرو، ذوالفقار خان کماریو، میر بابل خان بھیو،مقبول احمد شیخ، ڈاکٹر یونس حیدر سومرو،عقیل عباس سومرو سمیت دیگر رہنماؤں نے شکارپور ہاؤس پہنچ کر انہیں مبارکباد دی اور پیپلز پارٹی میں ان کی آمد کو خوش آئند قرار دیا۔پی پی پی امیدوار کی کامیابی پر شہر میں جشن کا سماں تھا۔مختلف مقامات سے کارکن  اور شہری  ڈھولک کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے امتیاز احمد شیخ کی رہائشگاہ شکارپور ہاؤس پہنچے ، جہاں امتیاز احمد شیخ نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی طاقت نے انہیں کامیاب کرایا ہے اب وہ اس شہر اوراس کے عوام کی ترقی کے لئے مزید کوششیں کرکے اس شہر کا کھویا ہوا مقام اسے واپس دلائیں گے۔
تازہ ترین