• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی، صابر گل

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظمیں یٰسین ملک پر ہونے والے تشدد کا نوٹس لیں۔ کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبانے کی تمام ناپاک سازشیں کبھی کامیاب نہ ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار برطانیہ میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے صدر صابر گل، مرکزی جنرل سیکرٹری سید تحسین گیلانی، مرکزی سینئر نائب صدر مشتاق ملک، فرنٹ کے مرکزی رہنما پروفیسر لیاقت علی خان، فرنٹ کے سابق صدر عظمت اے خان، ملک محمد لطیف نے بھارتی حکومت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےکیا،ان رہنمائوں نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یٰسین ملک کو بھارتی حکومت فوری پاسپورٹ اور دیگردستاویزات مہیا کرے تاکہ ہماری تنظیم ان کابیرون ملک علاج کراسکے۔ برطانیہ میں فرنٹ کے صدر محمد صابر گل نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یٰسین ملک کی رہائی اور ان پر لگائے گئے جھوٹے الزامات واپس لینے کے لیے بھارتی حکومت پر دبائو ڈالے۔ بھارت نے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا راج قائم کر رکھا ہے۔ صابر گل نے کہا یٰسین ملک آزادی وطن کے ہیرو ہیں،جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یٰسین ملک پر ہونے والے تشدد اور ذہنی ٹارچر پر بھارتی حکومت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ برطانیہ میں سابق جے کے ایل ایف کے صدور عظمت اے خان، ملک محمد لطیف نے کہا کہ ہماری تنظیم24اکتوبر کو پارلیمنٹ میں ہونے والی کشمیر لابی کے موقع پر ممبران پارلیمنٹ کے سامنے فرنٹ کے چیئرمین کی گرتی ہوئی صحت اور بیرون ملک علاج کی سہولت کا مسئلہ اٹھائے گی۔ تنظیم کے سینئر نائب صدر مشتاق ملک نے کہا کہ ہمیں بھارت کے اندر یٰسین ملک کے علاج کرنے پر کچھ تحفظات و خدشات ہیں۔ بھارت کے حکمراں علاج کے بہانے یٰسین ملک کی جان سے کھیل سکتے ہیں جس طرح ڈاکٹروں نے علاج کے بہانے یاسر عرفات کی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔ برطانیہ میں فرنٹ کے مرکزی رہنما پروفیسر لیاقت علی خان نے بھارتی حکومت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور الیکٹرونک میڈیا کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم و تشدد کا نوٹس لیں۔ فرنٹ کے رہنمائوں نے برطانیہ میں تمام کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ24اکتوبر کو برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والی کشمیر لابی اور27اکتوبر کو کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ پر یوم سیاہ میں بھرپور طریقے سےشریک ہوں۔
تازہ ترین