• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت متاثرین پیلٹ گن کے علاج کی اجازت دے، عبدالرزاق ساجد

لندن (جنگ نیوز) ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ (یوکے)‘‘ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم کا اوّل و آخر مقصد اور نصب العین انسانیت کی بلاامتیاز رنگ و نسل اور مذہب خدمت کرنا ہے۔ لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ اگر ہمیں اجازت دی جائے تو سرینگر کشمیر پہنچ کر پیلٹ فائرنگ کی وجہ سے جن ہزاروں کشمیریوں کی آنکھیں ضائع ہوگئی ہیں انہیں مفت علاج کی سہولتیں مہیا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارا سلوگن ’’روشنی سب کیلئے‘‘ ہے۔ ہم اپنے رضاکاروں کے ساتھ برطانیہ سے ماہرین امراض چشم کی ٹیمیں لے کر پاکستان، بنگلہ دیش، برما اور افریقہ کے ممالک میں جاتے ہیں اور وہاں ماہر ڈاکٹر آنکھوں کی مختلف بیماریوں کے علاج کے ساتھ آنکھوں کے آپریشن بھی کرتے ہیں، اسی طرح ہم سرینگر جاکر بھی دکھی اور ضرورت مند انسانوں کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔ ہماری اپیل ہے کہ ہمیں اجازت دی جائے تاکہ ہم جذبہ انسانی کے تحت سرینگر کشمیر جاکر بینائی سے محروم افراد کو روشنی بانٹنے کا سلسلہ شروع کریں۔ عبدالرزاق ساجد نے کہا اس ضمن میں ہم نے لندن میں بھارت کے ہائی کمیشن کو باقاعدہ درخواست دی ہے۔ ہم نے برطانوی وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی خطوط ارسال کردئیے ہیں۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران کشمیر کے تمام اضلاع میں کشمیریوں پر ممنوعہ بور کی پیلٹ بندوقوں سے مسلسل فائرنگ کرکے ایک ہزار سے زائد کشمیری نوجوانوں کو اندھا کردیا گیا۔ عالمی میڈیا بھی اس کی تصدیق کررہا ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر میں پیلٹ بندقوں کا استعمال بند کیا جائے تاکہ مزید کشمیریوں کی آنکھیں ضائع نہ ہوں اور بین الاقوامی ادارے اس سلسلے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔
تازہ ترین