• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا ئیگا، ایس ایس پی راولاکوٹ

کھائی گلہ (نمائندہ جنگ ) ایس ایس پی راولاکوٹ عابدمیر نے کہا ہے کہ  منشیات معاشرے کا ناسور ہے جسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے انتظامیہ کیساتھ ساتھ سول سوسائٹی کا کردار بھی  اہمیت کا حامل ہے ٗ ہمیں اس زہر کو نوجوان نسل میں منتقل کرنے والوں کے خلاف متحد ہوکر لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا تاکہ ہماری نسل کا مستقبل محفوظ بن سکے ۔منشیات کے خلاف اصلاحی کمیٹی کوئیاں نے جو اقدامات اٹھائے وہ قابل ستائش ہیں اور اس معاملے میں ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی، معززین علاقہ سے مشاورت کے بعد منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے  اصلاحی کمیٹی کوئیاں اور یوتھ ویلفیئر کمیٹی کوئیاں کے وفد سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ وفد کی قیادت اصلاحی کمیٹی کوئیاں کے صدر   خالد محمود  کر رہے تھے جبکہ وفد میں  رحیم خان، صابر کشمیری ، رشید خان ٗ ،نثار احمد، ٗ امجد حسین امجد اور شجاعت بابر شامل تھے۔اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی راولاکوٹ اعجاز خان بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی عابد میر نے  کہا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال نے نوجوان نسل کو ذہنی اور جسمانی طور پر مفلوج کر دیا ہے کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا جب تک اُس کا نوجوان متحرک اور توانا نہ ہو۔  اصلاحی کمیٹی کوئیاں نے منشیات کے خلاف آواز بلند کر کے ایک مثبت قدم اٹھایا ہے ۔
تازہ ترین