• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی یاد اللہ اور ذکر مصطفیٰ ؐسے ختم ہوگی، حسین علی بادشاہ

شفیلڈ (مصطفیٰ مغل) دہشت گردی کے جس ناسور نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اس سے بچاؤ کا واحد راستہ یاد الہیٰ اور ذکر مصطفیٰ ﷺہے۔ میلاد مصطفیٰﷺ کا اہتمام اور ان میں شریک ہو کر اللہ کے حبیب ﷺکے ذکر کو بلند کرنا کتنا عظیم ہے اگر اس کا اندازہ ہم سب کو ہو جائے تو ہر مسلمان اس کے اہتمام کے لئے ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی فکر میں رہے۔ ان خیالات کا اظہار دربار عالیہ بلاوڑہ شریف، کوٹلی ستیاں کے سجادہ نشین پیر صاحبزادہ حق خطیب حسین علی بادشاہ سرکار نے شفیلڈ کے عروج بینکویٹنگ ہال میں منعقد میلاد مصطفیٰﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر وقت یاد الہیٰ اور ذکر مصطفیٰ ﷺ سے اپنے دلوں کو منور رکھنے والے دنیاوی مسائل مصائب و پریشانیوں سے آزاد رہتے ہیں۔ آج ہمیں جن مشکلات کا سامنا ہے وہ اسلام سے دوری کا نتیجہ ہے ، اگر ہم آج بھی دنیاکے عارضی عیش و آسائش کی بجائے اپنی زندگیوں کو مصطفی کریمﷺ کی تعلیمات کے تابع کر لیں تو ہمیں وہ دائمی سکون حاصل ہو سکتا ہے جس کے لئے ہم اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔ صاحبزادہ حق خطیب حسین علی بادشاہ نے کہا کہ داعش جیسی تنظیمیں اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کو بدنام کرنے کی مکروہ سازش کر رہی ہیں، اسلام کی برگزیدہ ہستیوں کے مزارات مسمار کرنے اور انسانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹنے والے اسلام دشمن قوتوں کی آلہ کار تو ہوسکتے ہیں اسلام سے ان کا تعلق ہر گز نہیں ہو سکتا، داعش کی جانب رغبت کرنے والے نوجوانوں کو انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں کہ اسلام قتل و غارت کے بغیر صرف اور صرف حضور ﷺ کے پیار محبت اور رواداری کے باعث دنیا میں پھیلا۔ داعش میں شمولیت اور اس کے فلسفہ پر عمل آپ کو ایک بے سفاک قاتل تو بنا کر اسلام اور آخرت کی آسودگی سے دور لے جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز مذہبی سکالر علامہ محمد شاہجہان مدنی نے کہا کہ آج کے جدید دور میں جہاں ایک جانب ہر کوئی امن اور سکون کی خواہش رکھتا ہے وہی دنیا میں تیزی سے پھیلتی ہوئی دہشت گردی نے ہر ایک کا سکون تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ دنیا کو درپیش اس چیلنج کا مقابلہ صرف حضورﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی کیا جا سکتا ہے جس کا عملی نمونہ صوفیا کرام نے ہر دور میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دربار عالیہ بلاوڑہ شریف صوفیا کرام کی تعلیمات کا آئینہ دار ہے اور حق خطیب حسین علی بادشاہ جس طرح دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں وہ مفاد پرست عناصر اور نام نہاد پیروں اور عاملوں کی دکانداری پرکاری ضرب ہے ۔ کانفرنس میں انٹرنیشنل نعت ایسوسی ایشن کے قاری جاوید اختر کی سرپرستی میں آنے والے مقامی و بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں حضرات نے کانفرنس میں اپنے مخصوص انداز اور خوبصورت آواز میں حمد نعت و منقبت پیش کی شرکاء سے کھچا کھچ بھرا ہال نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت سے گونجتا رہا ۔ دربار عالیہ بلاوڑہ شریف کے خدام کے لئے اس خصوصی نشست کا اہتمام عروج بینکویٹنگ ہال کے ڈائریکٹر چوہدری ساجد حسین نے۔ محفل کے اختتام پر شرکاء محفل کو حق خطیب حسین علی بادشاہ نے دم کیا اور شرکاء سمیت پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی و سربلندی کے لئے دعا کی گئی۔
تازہ ترین