• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کر اچی، کیمیکل گودام میں خوفناک آگ ، لاکھوں کا سامان خاکستر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے ایم سی ہیڈ آفس کے سامنے واقع  سوامی نارائن مندر کے اندر کیمیکل کے گودام میں  خوفناک آگ کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جیل کر خاکستر ہوگیا جبکہ فائر بریگیڈ کا پانی ختم ہونے کے باعث ایک موقع پر آگ نے شدت اختیار کرلی اور آگ کے شعلے قریبی رہائشی عمارتوں تک جانے لگے بعدازاں فائر بریگیڈ کے عملے نے 5گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیاجبکہ اس کوشش کے دوران تین فائر فائٹر زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر کے ایم سی ہیڈ آفس کے سامنے واقع سوامی نارائن مندر کے اندر واقع کیمیکل کے گودام میں جمعےکی سپہر اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے  اطراف کے گوداموں اور رہائشی عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دھویں کے کثیر بادل بھی چھا گئے ،اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 8گاڑیاں موقع پر پہنچ  گئیں، اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی ،اس دوران آگ کی شدت کی دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کے عملے نے مزید فائر ٹینڈر ز کو موقع پر طلب کرلیا ،تاہم ایک موقع پر فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا تاہم پانی ختم ہوجانے کے باعث آگ شدت اختیار کرگئی اور آگ کے شعلے قریبی رہائشی عمارتوں تک جانے لگے ،جس پر فائربریگیڈ کے عملےنے فوری طور پر فلیٹ کو مکینوں سے خالی کروایا اس دوران علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت آگ بھجانے کی کوشش کرتے رہے ، پانی آنے پر دوبارہ آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی بعدازاں 5گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد15فائر ٹینڈر زاور 1باؤزر کی مددسے  آگ پر قابو پالیا،فائربریگیڈ کے عملے کے مطابق آگ بجھانے کے عمل کے دوران تنگ گلیوں اور عوامی رش کے باعث دشواری کا سامان کرنا پڑا جبکہ ٹریفک زیادہ ہونے کے باعث پانی آنے میں تاخیر ہوئی ،فائر بریگیڈ کے عملے کے مطابق کیمیکل کے گودام میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے اطراف کے دیگر گوداموں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ اس عمل کے دوران فائر فائٹر محمد سلیم سمیت 3فائر فائٹر زخمی بھی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال پہنچایا گیا ،فائربریگیڈ کے عملے کے مطابق آتشزدگی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا کیمیکل اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ گودام کے بیرونی دیوار میں بھی دراڑیں پڑ گئی ہیں،فائر بریگیڈ عملے کے مطابق ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے ۔فائر بریگیڈ عملے کے مطابق کولر اور ہاٹ پاٹ بنانے کے لئے استعمال ہونے والے کیمیکل کے ڈرم میں آگ بھڑکی تھی جو دیکھتے دیکھتے پھیل گئی اور اس نے مخلتف کارخانوں اور رہائشی عمارت کو بھی لپیٹ میں لیا۔جبکہ شہر یوں کے رش اور  تجا وزات کے اور  گلی تنگ ہونے کے باعث آگ بجھانے کے عمل میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پولیس ،رینجرز ،اور سرکاری افسران کے سیکیورٹی اسکواڈ  کے ہمراہ پہچنے کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ۔پولیس نے متعلقہ ایریا کو ٹر یفک کے بھی بند کردیا  جس کے باعث شہر بھر ٹریفک جام میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی پھنس گئیں۔
تازہ ترین