• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کیس، ڈاکٹر عاصم کی ہائیڈرو تھراپی رپورٹ عدالت میں پیش

کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم اور شریک ملزمان کیخلاف 462ارب اور جے جے وی ایل ریفرنس میں 17ارب کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت 8دسمبر تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کیخلاف 462 ارب اور جے جے وی ایل(جامشورو جوائنٹ وینچر لمیٹڈ) ریفرنس میں 17 ارب ریفرنس میں کرپشن سے متعلق سماعت ہوئی۔ عدالت میں ڈاکٹر عاصم اور دیگر شریک ملزمان پیش ہوئے۔ عدالت میں سرکاری گواہ لینڈ سروئیر یونس ڈاہری کا بیان قلمبند ہوا۔ جبکہ عدالت نے گواہ کا بیان قلمبند ہونے پر آئندہ سماعت پر مزید گواہ طلب کر لئے ۔ عدالت میں ڈاکٹر عاصم کی ہائیڈروتھراپی سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ عدالت میں جے جے وی ایل ریفرنس کیس میں وکلا کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں گواہوں کے بیانات کی فہرست فراہم کی جائے، 38 گواہ ہیں، نیب کی جانب سے ہمیں فہرست نہیں دی گئی۔ عدالت میں نیب کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم نے گواہوں کے بیانات کو ریکارڈ ہی نہیں کیا جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے نیب کے وکیل کو کہا کہ وہ تحریری طور پر عدالت میں اپنا موقف پیش کریں۔ عدالت نے جے جے وی ایل اور 462 ارب ریفرنس کرپشن کیس سے متعلق سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین