• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

3برس کے دوران ٹرینوں کے 25خطرناک حادثات ہوئے، وزیر ریلوے

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)ایوان بالا کو بتایا گیا کہ مسلح افواج کے زیرِانتظام ملک بھر میں 57 اسپتال چل رہے ہیں جن میں پاک آرمی کے تحت 45، پاکستان ایئر فورس کے زیر انتظام 8جبکہ پاک بحریہ کے زیر انتظام 4ہسپتال ہیں، جن کیلئے مالی سال 2015\16 کے بجٹ میں 8ارب 27کروڑ 46لاکھ روپے مختص کئے گئے تھے جبکہ مالی سال 2016\17 کیلئے پاک آرمی کے اسپتالوں کیلئے ایک ارب 28کروڑ 60لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ پچھلے تین سال کے دوران مختلف ممالک سے دو لاکھ 66 ہزار 412 پاکستانیوں کو وطن واپس بھجوایا گیا، تین سالوں میں ٹرینوں کے 25خطرناک حادثات ہوئے، ذمہ داروں کو کڑی سزائیں دی جائیں گی۔بدھ کو وقفہ سوالات کے دوران سنیٹر چوہدری تنویر خان کے سوال کے تحریری جواب میں خواجہ محمد آصف نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ملک میں مسلح افواج کے زیرانتظام ایم ایچ ، سی ایم ایچ کے 45اسپتال مختلف شہروں میں چل رہے ہیں۔ ان اسپتالوں میں مجموعی طور پر 13ہزار پانچ سو بیڈ ہیں جبکہ پاک بحریہ کے اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد 1057 اور پاکستان ایئرفورس کے زیرانتظام چلنے والے اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد 1405ہے۔ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کیلئے 2016\17کے مالی سال کے بجٹ میں مختص رقم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ سینیٹر طلحہ محمود کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافروں اور ریلوے عملے کا مکمل بیمہ ہوتا ہے، حادثات کے ذمہ داروں کے لئے سزائیں سخت کی جائیں گی۔
تازہ ترین