• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر عاصم کو مزید 6ہفتوں تک ہائیڈرو تھراپی کرانے کی اجازت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو مزید 6 ہفتوں تک ضیاء الدین اسپتال سے ہائیڈرو تھراپی کرانے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے وکلا کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم کی طبیعت ناساز ہے ۔ڈاکٹرز نے ڈاکٹر عاصم کو مسلسل ہائیڈرو تھراپی کرانے کا مشورہ دیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کو ضیاء الدین اسپتال سےمزید ہائیڈرو تھراپی کرانے کی اجازت دی جائے۔نیب کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کو عام ملزم کی طرح ٹریٹ کیا جارہا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی ضمانت سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں فیصلہ محفوظ ہو چکا ہے، ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ عدالت میں نیب کے پراسیکیوٹر الطاف احمد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم ایک ملزم ہے، پچھلی نشست پر بیٹھنا چاہیے۔ ڈاکٹر عاصم یہاں بیٹھ کر عدالت میں کمنٹس پاس کرتے ہیں اور کیس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں ۔اگر آئندہ سماعت پر ڈاکٹر عاصم پچھلی نشست پر نہ بیٹھے تو میں کیس نہیں چلا سکوںگا۔ عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم پر الزام لگایا گیا کہ نارتھ ناظم آباد میں زمین پر قبضہ کیا ہے جبکہ اس سے متعلق ڈاکٹر عاصم کو آج تک کوئی نوٹس ہی نہیں ملا۔ جب زمین پر قبضہ کیا ہی نہیں تو خالی کیا کرتے۔ تفتیشی افیسر نے زمینوں پر قبضے سے متعلق ایک ہی روز میں دستاویزات تیار کیں جو کہ جعلی ہیں۔ جبکہ نیب کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ضیاء الدین گروپ کو رفاہی مقاصد کے لئے زمین الاٹ کی گئی تھی لیکن ڈاکٹر عاصم نے اسے تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کیا ۔اسی حوالے سے سپریم کورٹ میں بھی کیس زیر التوا ہیں۔ ماتحت عدالت کیسے کوئی حکم جاری کرسکتی ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کا موقف سنتے ہوئے کیس میں مزید گواہی کے لئے گواہوں کو طلب کر لیا ۔جبکہ ڈاکٹر عاصم کو 6 ہفتوں تک ضیاء الدین اسپتال سے ہائیڈرو تھراپی کرانے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین