• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوچ میں جدت پیدا کئے بغیر دنیا کے قدم سے قدم ملا کر نہیں چل سکتے، سرتاج عزیز

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)وزیر اعظم کے خارجہ امور کےمشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سوچ میں جدت پیدا کئے بغیر دنیا کے قدم سے قدم ملا کر نہیں چل سکتے،  نائین الیون کے واقعہ کے بعد دنیا مسلمان اور غیر مسلمان کی بنیاد پر تقسیم ہوچکی ہے ،ہفتہ کے روزوزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قانون و انصاف بیرسٹر ظفر اللہ خان کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے  سرتاج عزیز نے کہا کہ  بیرسٹر ظفر اللہ  کی یہ کتاب ایک بہت ہی مفید کوشش ہے جس میں ان وجوہات اور عوامل کو سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے کہ مسلمانوں کا یہ زوال مزید گھمبیر کیوں ہو رہا ہے ؟کتاب کے مطابق مسلمانوں کے زوال کا سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ وہ آج بھی ماضی میں چھپے ہوئے ہیں، اور اجتہاد کا راستہ بند کردیا گیاہے جس کے بغیر آپ دنیاوی تبدیلیوں میں خود کو نہیں ڈھال سکتے ہیں ،جب تک ہم اپنی سوچ میں جدت پیدا نہیں کرتےاس وقت تک دنیا کے قدم سے قدم ملا کر نہیں چل سکتے ہیں اور نہ ہی دنیا میں ہونے والی روز افزوں تبدیلوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں،  بیرسٹر ظفر اللہ خان نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ  میں نے اس کتاب میں اپنی تہذیب کے زوال اور مغرب کی ترقی کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے اٹھارہ مسائل کی جانب توجہ دلائی ہے ،اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین ڈاکٹر خالد مسعود  نے  کہا کہ  یہ کتاب جہاد اور اجتہاد کی وضاحت کرتی اور نفرت اور خونریزی سے نفرت سکھاتی ہے ،اقبال اکیڈمی کے سابق چیئرمین احمد جاوید نے کہا کہ بیرسٹر ظفر اللہ نے اس کتاب کے ذریعے ہمارا گمشدہ تصور انسان ڈھونڈ کر دکھایا ہے ، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ کتاب ہمیں اپنے رویوں پر غور کرنے کی دعوت دیتی ہے ،ندیم خورشید نے کہا کہ  یہ ایک معرکۃالآراء کتاب ہے جس میں مصنف نے بتا دیا ہے کہ آپ ریاست کی تشکیل نو کس طرح کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین