• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہ روزہ کراچی لٹریچر فیسٹیول کی اختتامی تقریب،معروف شخصیات کی شرکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تین روزہ کراچی لٹریچر فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا، اس فیسٹیول میں دو لاکھ سے زیادہ افراد شریک ہوئے، جو اِس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں اَدب اور کتاب سے محبت کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی منیجنگ ڈائریکٹر امینہ سیّد نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے یہ اختتام نہیں، بلکہ ایک شاندار مہم کا آغاز ہے، اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول 14 سے 16اپریل تک جبکہ 20مئی کو لندن میں ہوگا، انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیوں سے ہمارا مقصد یہ ہے کہ پاکستان میں اَدب کی گراں قدر خدمات سے پوری دُنیا کو روشناس کرایا جائے، ہمارا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ پاکستانی معاشرے کی زیادہ واضح تصویر دُنیا تک پہنچے، مختلف نسلوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو نامور شخصیات سے ملنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، اس موقع پر ڈاکٹر آصف اسلم فرخی نے بھی خطاب کیا۔ایک دلچسپ وڈیو مقابلہ بھی ہوا، جس میں عرفان کھوسٹ اور ندیم ایف پراچہ نے شرکت کی، عالمی شہرت یافتہ شاعر فیض احمد فیض کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بھی ایک نشست ہوئی جس میں فیض صاحب کے نواسے، عدیل ہاشمی نے اُن کا کلام سُنایا، ’’دو مملکتوں کا قیام‘‘ کے موضوع پر مذاکرہ بھی ہوا جس میں عائشہ جلال، سعید حسن خان، سردار محمد مسعود خان اور لاجرلانک شریک گفتگو تھے، ایک اجلاس میں ضیاء محی الدین نے اُردو اور انگریزی مضامین کے اقتباسات اپنے مخصوص انداز میں سُنائے، مختلف موضوعات پر  9کتابوں کی تقریب اجراء بھی ہوئی، اس فیسٹیول میں دُنیا بھر سے اَدیب، شاعر، دانشور اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
تازہ ترین