• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے ویسٹ انڈیز میں چار ٹی 20 کی تجویز مسترد کردی

شارجہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز میں چار ٹی20 انٹر نیشنل کھیلنے کی تجویز مسترد  کردی ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کھلاڑیوں کو آرام دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے بعدتمام کرکٹرز کو تین ہفتے آرام دیا جائے گا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ مئی سے پاکستانی کھلاڑی مسلسل کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے تھکاوٹ کا شکار ہیں۔ اس لئے انہیں آرام دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اسی دوران مکی آرتھر لاہور جائیں گے جہاں وہ قومی اکیڈمی کے کوچز اور ریجنل کوچز سے ملاقات کرکے نئے کھلاڑیوں کے بارے میں ان کی رائے لیں گے۔ پاکستان سپرلیگ کے بعد ویسٹ انڈیز نے دو ٹی20 کھیلنے لاہور آنا تھا جس کے بعد پاکستان نے ویسٹ انڈیز جاتے ہوئے دو ٹی 20 فلوریڈا میں کھیلنا تھے۔ لیکن فیکا کی مداخلت کی وجہ سے ویسٹ انڈیز نے اپنا دورہ پاکستان ختم کردیا۔ پاکستان سپر لیگ کا فائنل پانچ مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد تین ہفتے کا گیپ ہوگا۔ پاکستانی ٹیم پورٹ آف اسپین میں 31مارچ اور دو اپریل کو دو ٹی 20 انٹر نیشنل میچ کھیلے گی۔ ویسٹ انڈیز نے دو کے بجائے چار ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے کی تجویز دی تھی جسے پاکستان بورڈ نے مسترد کردیا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے انٹر نیشنل اور تین ٹیسٹ ہوں گے۔ یہ دورہ 14مئی کو ختم ہوگا جہاں سے پاکستانی ٹیم سیدھا انگلینڈ آئے گی جہاں چیمپئنز ٹرافی سے قبل دو ہفتے کا کیمپ لگایا جائے گا تاکہ پاکستانی کرکٹرز انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوسکیں۔
تازہ ترین