• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ ہمارے صدر نہیں ہزاروں امریکی سڑکوں پر نکل آئے

نیویارک (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکا میں صدر کے اعزاز میں عام تطعیل کے دن (پریذیڈنٹ ہالی ڈے ) پرکئی شہروں میں ہزاروں شہری ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا ، نیو یارک میں ٹرمپ مخالف ریلی میں 10 ہزار سے زائد مظاہرین شریک ہوئے اور انہوں نے نعرے بازی کی اور کہا کہ ’ٹرمپ ان کے صدر نہیں ہیں، دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ سفری پابندی سے متعلق نئے حکم نامے پر رواں ہفتے ہی دستخط کردیں گے، امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی کے ہدایت نامے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے تارکین وطن بچوں کو پناہ فراہم کرے گی جبکہ اس کے علاوہ علاوہ دیگر تارکین وطن کو ملک بدر کیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق  امریکا میں عام تعطیل کے دن بیس فروری بروز پیر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہزاروں ناقدین نے مختلف شہروں میں احتجاج کیا، یہ تعطیل امریکی صدور کے اعزاز میں ہوتی ہے، جسے ’مائی پریزیڈنٹ ہالی ڈے‘ کہا جاتا ہے، تاہم اس مرتبہ اس دن امریکی عوام کی ایک بڑی تعداد نے اپنے صدر کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ان کے صدر نہیں ہیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو یارک کے علاوہ اٹلانٹا، شکاگو، لاس اینجلس، واشنگٹن اور دیگر کئی شہروں میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی، امریکی میڈیا نے نیو یارک پولیس کے اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ احتجاجی ریلیوں کے دوران شہر میں ایک میلے کا سماں تھا جبکہ دس ہزار کے قریب افراد سڑکوں پر نکلے۔
تازہ ترین