• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ، 5ریگولیٹرز کو وزارتوں کے ماتحت کرنے کیلئے وزیر اعظم کا حکم معطل

لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ نے اوگرا، نیپرا، پیپرا سمیت پانچ خود مختار اداروں کو وفاقی وزارتوں کے ماتحت کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے قانونی طریقہ کار کے برعکس نوٹیفکیشن جاری کرتےہوئےاوگرا،،نیپرا،، پی ٹی اے،پاکستان ٹیلی کمیونیکیشنز اتھارٹی اور فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ پانچ خود مختار اداروں کی حیثیت کو ختم کردیا۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی وزارتوں میں ضم کئے گئے پانچ خود مختار اداروں کو وزارتوں کے ماتحت کرنے سے قبل مشرکہ مفادات کونسل اور کابینہ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ عدالت کو بتایا گیاکہ مشترکہ مفادات کونسل اورکابینہ کی منظوری کے بغیر جاری کردہ نوٹیفکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وفاقی اداروں کو وزارتوں کے ماتحت کرنے سے متعلق کئے جانے والے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم نے انتظامی اختیار کے تحت خود مختار اداروں کو وفاقی وزارتوں کے ماتحت کرنے کی ہدایت کی۔جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ اس معاملے کو مشترکہ مفاد کونسل میں زیر بحث لانا قانونی تقاضا تھا یا نہیں ۔درخواست گزار شیراز ذکا ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے او نشاندہی کی کہ حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل سے منظوری لیے بغیر5اتھارٹیز خود مختار اداروں کو وزارتوں کے ماتحت کردیا۔ وکیل یہ قانونی نکتہ بھی اٹھایا کہ وزارتوں کے ماتحت کرنے کیلئے وفاقی کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی جو ایک قانونی تقاضا ہے۔ سرکاری وکیل نے دلائل میں درخواست کی مخالفت کی تاہم عدالت کو حکومتی اقدام مطمئن نہ کرسکے۔چیف جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ آئین اورقانون کی خلاف ورزی کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے ،عدالتیں آئین اورقانون کے تحت فیصلہ کرتی ہیں۔عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے اٹارنی جنرل کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔
تازہ ترین